نسخے کے بغیر ادویات کی فروخت جرم قرار دیا جائے گا: فردوس اعوان

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی کھلے عام فروخت پر پابند ی لگائی جائیگی جبکہ ڈاکٹر ی نسخے کے بغیر دوا دینا جرم قرا ر دیا جائے گا۔ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے نیشنل ریگولیشن اینڈ سروسز نے کہا کہ 1976ءکے بعد پہلی بار ملک میں دواﺅں کی صنعت کو منظم کیا جارہا ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کا خاتمہ ہوجائے گا جبکہ اس اتھارٹی کے قیام کا مقصد ہربل اور آیورویدک ادویات سمیت لیباٹریز اور نجی اسپتالوں کو ریگولیٹ کرنا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ دوا کی رجسٹریشن، لا ئسنسنگ اور قیمت کا تعین کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے جبکہ 18 ویں ترمیم کے بعد ادویات کا معیار اور عوام تک فراہمی کی ذمہ دار صوبائی حکومتیں ہیں۔