معذور اور بیمار افرادکیلئے گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت متعارف

معذور اور بیمار افرادکیلئے گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت متعارف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد(آئی این پی)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے موبائیل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرادی ہے جس کی بدولت اب معذور افراد اور صاحبِ فراش گھر بیٹھے اپنا شناختی کارڈ بنوا سکیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی عوام کو بہتر اور مزید سہولیات فراہم کرنے کے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیئرمین نادرا عثمان مبین نے موبائیل مین پیک سروس کا آغاز کردیا۔ ترجمان نادرا کے مطابق شدید بیمار، نابینا، ذہنی مریض، انتہائی عمر رسیدہ اور معذور افراد شناختی کارڈ بنوانے کے لئے نادرا کو درخواست دیں گے تو 'مین پیک' ان کے گھر پر بھجوا دیا جائے گا جو درخواست کی تمام تر کارروائی مکمل کرے گا جس کے بعد ان کا شناختی کارڈ مقررہ مدت کے اندر ان کے گھر کے پتہ پر ارسال کر دیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ معذوری اور شدید بیماری یا مستقل صاحبِ فراش کا شکار کئی افراد محض اس بنا پر شناختی کارڈ جیسی سہولت سے محروم رہ جاتے ہیں کہ نادرا کے قریبی دفتر تک پہنچنا ان کے لئے ممکن نہیں ہوتا۔ گھر والوں یا رشتہ داروں کی مدد سے نادرا سنٹر آنے والے افراد کو بھی ضروری کارروائی کے تمام مراحل سے گزرنے میں کئی مشکلات پیش آتی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین نادرا کی جانب سے خصوصی افراد کے لئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی تھی جسے عملی جامہ پہناتے ہوئے نادرا نے اب یہ جدت آمیز سہولت متعارف کرا دی ہے جس کی بدولت نہ صرف معذوری، شدید بیماری یا صاحبِ فراش افراد گھر بیٹھے اپنا شناختی کارڈ بنوا سکیں گے بلکہ ان کے گھر والوں اور رشتہ داروں کو بھی اس سلسلے میں پیش آنے والی دشواری سے نجات مل جائے گی۔اس سروس سے مستفید ہونے کیلئے ایسے افراد نادرا کے تمام ریجنل، زونل یا مقامی دفاتر میں درخواست دے سکتے ہیں۔
ترجمان نادرا

مزید :

صفحہ آخر -