آج ملک بھر کے ٹیکس دفاتر رات 10بجے تک کھلے رہیں گے
اسلام آباد،لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین/وفاقی سیکرٹری ریونیو ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ آج 30ستمبر 2024ء کو ملک بھر میں ٹیکس دفاتر رات 10بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ سٹیٹ بینک‘ نیشنل بینک کی مجاز برانچیں رات 8بجے تک ٹیکس وصول کریں گی ۔
10سے 12بجے تک ملک بھر کے تمام ٹیکس دفاتر میں جزوی عملہ موجود رہے گا تاکہ وہ مالی سال 2023-24ء کے سالانہ آمدنی کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کی جا سکیں اور جن ٹیکس گزاروں کی آمدن گوشوارے جمع کرانے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے تو اُنکی فوری رہنمائی کریں۔
"جنگ " کے مطابق وزیر خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب نے گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کو لکھا ہے کہ وہ آج30 ستمبر کو سٹیٹ بینک کی جملہ برانچوں اور نیشنل بینک کے ٹیکس جمع کرنے کی مجاز برانچوں کو رات 8بجے تک کھلا رکھنے کے احکامات جاری کریں۔ اس طرح ایف بی آر نے ملک بھر میں ٹیکس دفاتر5بجے کی بجائے رات 10بجے تک پورے عملے کے ساتھ کھلا رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ملک بھر میں ایف بی آر کا عملہ ان ٹیکس دفاتر میں رات 10بجے تک حاضر ہو گا اور اسکے بعد جزوی عملہ 12بجے تک ٹیکس گزاروں کیلئے سہولیات مہیا کرے گا۔