اوورسیز پاکستانیوں نے حکومت کو مطالبات کی لمبی فہرست تھما دی 

اوورسیز پاکستانیوں نے حکومت کو مطالبات کی لمبی فہرست تھما دی 
اوورسیز پاکستانیوں نے حکومت کو مطالبات کی لمبی فہرست تھما دی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اوورسیز گلوبل کے چیئرمین میاں طارق جاوید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کو جانی مالی اور سماجی تحفظ فراہم کر ے ، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور انکے لئے پارلیمنٹ میں خواتین اور اقلیتوں کی طرح مخصوص نشستیں مختص کی جائیں، تیس ارب ڈالر زرمبادلہ بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے موبائل فون لانے پر لگایا جانے والا ٹیکس واپس لیا جائے ۔
 نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مشہور کاروباری شخصیت اور اوورسیز پاکستانی بلال خان اور جلال خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےمیاں طارق جاوید کا کہنا تھا کہ اوورسیز گلوبل کے پلیٹ فارم سے دنیا کے 25 سے زائد ممالک میں بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے حقوق کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرہ کیا جس میں ہمارا حکومت سے مطالبہ تھا کہ 2023ء کے انتخابات سے پہلے نوے لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور خواتین اور اقلیتوں کی طرح مخصوص نشتیں مختص کی جائیں تاکہ روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک بسنے والے اپنے فیصلے خود کر سکیں۔

میاں طارق جاوید نے  کہا کہ یہاں پر کچھ ایسے مافیا ہیں جو اوورسیز پاکستانیوں کو ٹارگٹ کرتے ہیں، کروڑوں روپے ٹیکس ادا کرنے والے معروف اوورسیز کاروباری بھائیوں جلال خان اور بلال خان کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے اغوا کر کے پشاور لیجایا جاتا ہے اور انکی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ان پر تشدد کیا جاتا ہے، جس میں پشاور کا ایس ایس پی آپریشنز یاسر آفریدی ملوث ہے, جو دوبئی میں بسنے والے انکے کاروباری مخالفین کے ساتھ ملکر کاروباری رقابت پر دونوں بھائیوں کیخلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنا کر انہیں ہراساں کر رہا ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر داخلہ شیخ رشید سے مطالبہ کیا کہ وہ اوور سیز پاکستانیوں کو تحفظ فراہم کریں، اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو بے شک انہیں سزا دیں مگر اس طرح دن دیہاڑے بغیر کسی وجہ اور جرم کے کسی کو اغوا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی لہذا حکومت اس واقعہ میں ملوث افراد کو انصاف کے کہٹرے میں لائے اور انہیں قرار واقعی سزا دیں تاکہ آئندہ کسی کو دوبارہ اس طرح کر جرآت نہ ہو سکے۔