سرگودھا میں 59 جوڑوں کی اجتماعی شادی، تمام جوڑوں کو 1 لاکھ روپے سلامی اور ضروری گھریلو سامان بطور تحفہ دیا گیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پنجاب کی بیٹیوں کے لیے شفیق ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں۔مالی مسائل کا شکار والدین کے لیے بیٹیوں کی باعزت رخصتی کا اہتمام کر کے وزیراعلیٰ نے اہل پنجاب کے دل جیت لیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے وزیر اعلیٰ کے ''دھی رانی پروگرام'' کے تحت سرگودھا میں 59 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر ،کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان، ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر شہزاد آصف خان ، ایم پی ایز منصور اعظم ، زکیہ شاہ نواز ، بیرسٹر تیمور بلوچ ، صفدر ساہی ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور مختلف محکموں کے افسران سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے تمام جوڑوں کو 1 لاکھ روپے سلامی اور ضروری گھریلو سامان بطور تحفہ پیش کیا۔شادی کے تمام اخراجات حکومت پنجاب نے برداشت کیے جبکہ تقریب میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوبیاہتا جوڑوں اور ان کی فیملیز کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز فلاحی ریاست کی بنیاد رکھنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ دھی رانی پروگرام وزیر اعلیٰ کے خواتین کی بہبود اور ان کے بہتر مستقبل کے عزم کا عملی نمونہ ہے۔مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنی بچیوں کی شادی کے خواب دیکھنے والے والدین کے لیے ایک نیا باب کھل گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے دست شفقت کی بدولت یہ پروگرام مسلمانوں کیساتھ ساتھ مسیحی خاندانوں کی بیٹیوں کے لیے بھی ایک روشن امید بن کر سامنے آیاہے۔ یہ اقدام نہ صرف خاندانوں کی زندگیوں میں خوشیاں لائے گا بلکہ معاشرتی یکجہتی اور مساوات کی راہیں بھی ہموار کرے گا۔انہوں نے ضلع سرگودھا میں شادیوں کی اجتماعی تقریب کے شاندار انعقاد اور ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کی معاونت کو بھی سراہا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز کا ایک تاریخی اقدام ہے،اس پروگرام کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ کے اقدام کی بدولت والدین اپنی بیٹیوں کا شرعی فریضہ پورا کر رہے ہیں۔پنجاب دھی رانی پروگرام عوامی خدمت کے جذبہ کی عکاسی ہے۔تقریب میں دولہا دلہن اور تقریب کے شرکاء کے لیے ظہرانہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔اس موقع پر خوبصورت جھومراور قوالی بھی پیش کی گئی۔ بعدازاں نوبیاہتا جوڑوں کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔