قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کراچی میں سینٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں پولیس افسروں اور اینٹی نارکوٹکس کے ذمہ داران نے ذیلی کمیٹی کو کراچی میں مصطفی قتل کیس پر بریفنگ دی جس کے بعد اِس معاملے میں اب تک سامنے آنے والی پیشرفت کا کمیٹی میں جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پولیس سندھ کے ساتھ ساتھ اعلیٰ پولیس افسروں نے کمیٹی کے ممبران کے سوالات کے جواب دیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم ارمغان نے عدالت میں اپنے بیان سے اگرچہ انحراف کر لیا ہے کہ اُس نے مصطفی کو قتل کیا تھا تاہم پولیس ذرائع کے مطابق اِس ایک مقدمے میں نہ صرف لرزہ خیز قتل بلکہ معاشرے میں پلتے غیر قانونی دھندوں کی طرف بھی توجہ دِلا دی ہے، آن لائن منشیات کے کاروبار کے علاوہ غیر قانونی کال سینٹر اور منی لانڈرنگ جیسے مسائل کی نشاندہی اِس ایک ہی کیس میں ہوئی ہے، ملزمان غیر قانونی کال سینٹروں سے اربوں روپے حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ یاد رہے کہ یہ ذیلی کمیٹی کا دوسرا اجلاس تھا جس کے بعد ایک مزید اجلاس کا انعقاد ہو گا جس کے بعد رپورٹ مرتب کی جائے گی۔اُمید کی جانی چاہئے کہ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مصطفی قتل کیس کے ہر پہلو کو سامنے رکھ کر اِس کیس کی گتھیاں سلجھانے میں مددگار ثابت ہو گی،کمیٹی کو چاہئے کہ نہ صرف یہ بلکہ اِس جیسے دیگر کیسوں کو زیر بحث لا کر جدید جرائم کی روک تھام کے لئے نہ صرف سفارشات تیار کرے بلکہ اِنہیں متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کرے تاکہ وہ ادارے دی گئی سفارشات کی روشنی میں اپنے فرائض بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔
٭٭٭٭٭