’جیتو پاکستان ‘سے سوناجیتنے کی خوشخبری، نوسربازوں نے شہریوں کو لوٹنا شروع کردیا، ایف آئی اے خاموش

’جیتو پاکستان ‘سے سوناجیتنے کی خوشخبری، نوسربازوں نے شہریوں کو لوٹنا شروع ...
’جیتو پاکستان ‘سے سوناجیتنے کی خوشخبری، نوسربازوں نے شہریوں کو لوٹنا شروع کردیا، ایف آئی اے خاموش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کاشف شکیل سے) جب تک دنیا میں لالچ موجود ہے تب تک شاید نوسرباز ی سے بھی مکمل چھٹکارا ممکن نہیں جبکہ گزرتے وقت کیساتھ ساتھ شہریوں کو بے وقوف بناکر لوٹنے کے لیے نئی نئی تراکیب بھی استعمال کرتے ہیں ۔ایسا ہی کچھ لاہور کے ایک خاندان کیساتھ ہوا جنہیں نوسربازوں نے ٹیلی فون کال کرکے نجی ٹی وی چینل اے آروائے کے پروگرام جیتو پاکستان سے 10تولے سونا اور 2لاکھ روپے بذریعہ قرعہ اندازی جیتنے کی خوشخبری سنائی اور ساتھ ہی یہ سونا اور نقدی گھر پہنچانے کے لیے کسٹم ڈیوٹی کی مد میں مجموعی طورپر ساڑھے تئیس ہزار روپے کامطالبہ کیا جو مذکورہ خاندان نے موبائل کے ذریعے رقم ٹرانسفر بھی کردی، یہ کام پورے ملک میں زوروں پر ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام سے پیغامات اکثر شہریوں کو مل چکے ہیں لیکن موبائل نمبر اور شناختی نمبر وغیرہ سمیت تمام ضروری معلومات ہونے کے بعد باوجود متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق کریم پارک کے شہری ’ک ش ‘ کو اپنے موبائل فون03224565006پراس نمبر 03069826980سے پیغام ملا کہ ”جیتوپاکستان،کھل گئی قسمت میں آپ کے نمبر پر دو لاکھ کیش اور 10تولہ سونا وِن ہواہے ، آپ کو بہت مبارک ہو، آپ اس نمبر پر ابھی رابطہ کریںاور نیچے دوبارہ یہی نمبر لکھا تھا“۔میسج موصول ہوتے ہی صارف کے دل میں لڈوپھوٹنے لگے اور اسی نمبر پر ابتدائی رابطے کے بعد مزید تفصیلات کیلئے بابر شاہ (امکان ہے کہ جعلی نام ہوگا) نامی شخص سے اس نمبر 03247534654پر رابطے کی ہدایت کی گئی جبکہ کسی بھی شکایت کیلئے مبینہ طورپر اسلام آباد کے کلثوم پلازہ میں موجود دفتر کے نمبر 0514342142پر رابطے کا آپشن بھی دیاگیا۔ ابتدائی رابطوں کے بعد شہری نے نقدی اور سونے کواپنے گھر کی دہلیز پروصول کرنے کیلئے کسٹم ڈیوٹی کی مدمیں شناختی کارڈ نمبر 4120109712197پر مبلغ 18000روپے

جبکہ 3550403599609پر 5500روپے موبائل فنڈز ٹرانسفر کے ذریعے بھجوادیئے ۔نادرا ریکارڈ کے مطابق پہلا شناختی کارڈ نمبر جبیر جی دادو جبکہ دوسرا صفدرآباد شیخوپورہ کے شہری کا ہے ۔ کلثوم پلازہ میں رابطہ کرنے پر نعیم مصطفی(ممکنہ جعلی نام) نے بتایاکہ بے فکر رہیں ، رقم اور سونا آپ کے گھر کی دہلیز پر پہنچے گا لیکن بھجوائی گئی رقم کی واپسی کے تقاضے پر موصوف نے تجویز دی کہ ساڑھے تین ہزار روپے مزید بھجوائے جائیں تاکہ اخراجات اداکرکے آپ کی رقم واپس کی جائے۔ روزنامہ پاکستان کے رابطے پر گروہ کے کارندوں نے رقم کی واپسی کیلئے مزید رقم بھجوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید کسی قسم کا موقف دینے سے انکار کردیا لیکن آخری اطلاعات تک رقم واپس آسکی اور نہ ہی کسی ادارے نے ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی کی . 

دوسری طرف اے آروائے کے ذرائع کاکہناتھاکہ ٹیلی فون کال کرنیوالا اگر کوئی خوش قسمت شہری انعام پاتاہے تواسے پروگرام کے دوران ہی خوشخبری سنائی جاتی ہے اور کسی بھی قسم کا کوئی ٹیکس وغیرہ وصول نہیں ہوتا، فراڈیوں کا گروہ پروگرام کا نام استعمال کررہاہوگا۔
تمام ترتفصیلات کی موجودگی اور ایک عرصے سے جاری اس دھندے میں ملوث عناصر کیخلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ ہونے سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیاہے لیکن اتوار کی چھٹی ہونے کی وجہ سے ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں کا موقف معلوم نہیں ہوسکا ۔شہریوں کو بھی چاہیے کہ بعدمیں کسی کوفت یا متعلقہ اداروں کے دفاتر کے دھکے کھانے کی بجائے احتیاط کریں ۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -