وہ مسلمان جس کی نماز جنازہ پڑھانے کیلئے کوئی مذہبی رہنما تیار نہیں ؟یہ کون ہے جان کر آپ کو بھی حیرت ہو گی
پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس میں ایک مسلمان کی نمازجنازہ پڑھانے پر کوئی بھی مسلمان مذہبی رہنماءتیار نہیں ہو رہا۔ اس 19سالہ نوجوان کا نام عدیل کرمیک (Adel Kermiche) ہے اور یہ ان 2شدت پسندوں میں سے ایک ہے جنہوں نے رواں ہفتے شمالی فرانس میں عیسائیوں کے کیتھولک فرقے کے ایک پادری کو قتل کر دیا تھا۔ انہوں نے سینٹ ایٹنی ڈو روورے (Saint Etienne du Rouvray) میں ایک کیتھولک چرچ میں گھس کر 5افراد کو یرغمال بنا لیا تھا اور پادری کو گھنٹوں کے بل جھکا کر اس کا گلہ کاٹ دیا تھا۔
”سی این این“ کی رپورٹ کے مطابق لوکل مسلم کلچر ایسوسی ایشن کے صدر محمد کیرابیلا (Mohammed Karabila)کا کہنا ہے کہ ”میرے سمیت کوئی بھی مقامی امام اس شخص کا جنازہ نہیں پڑھائے گا۔ “تاحال اس شدت پسند کی اس علاقے میں تدفین کا فیصلہ ہونا بھی باقی ہے۔ علاقے کا میئر جلد فیصلہ کرے گا کہ اسے اس ٹاﺅن میں دفن کیا جائے گا یا نہیں۔واضح رہے کہ عدیل کرمیک اور اس کے ساتھی عبدالمالک پیٹٹ جین کو چرچ سے فرار ہونے کے بعد پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔