الطاف حسین کے خطاب پر پابندی ہائیکورٹ نے لگائی، لگتا ہے کسی نے مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کیا: اسحاق ڈار

الطاف حسین کے خطاب پر پابندی ہائیکورٹ نے لگائی، لگتا ہے کسی نے مذاکرات کے ...
الطاف حسین کے خطاب پر پابندی ہائیکورٹ نے لگائی، لگتا ہے کسی نے مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کیا: اسحاق ڈار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے ساتھ تمام مذاکرات غیر مشروط کرنے کی بات ہوئی تھی اور آج ڈرافٹ کو حتمی شکل دی جانا تھی لیکن ایسا لگتا ہے کہ کسی نے اس سارے عمل کو سبوتاژ کر دیا ہے ۔ الطاف حسین کے خطاب پر پابندی حکومت نے نہیں ہائیکورٹ نے لگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کیلئے ازالہ کمیٹی آج صبح تک بنا دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کراچی کا آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے اور تمام جماعتوں نے مل کر اس کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ یہ آپریشن جرائم کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ طے تھا ایم کیو ایم سے تمام مذاکرات غیر مشروط ہوں گے جبکہ اس میں کامیاب بھی ہوئے اور گزشتہ راستہ یہ فیصلہ کر لیا گیا تھا کہ وزیراعظم کو اطلاع کر دی جائے گی جبکہ آج ڈرافٹ کو حتمی شکل دی جانی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کچھ دیر پہلے مولانا فضل الرحمان سے بات ہوئی ہے اور وہ بھی بہت حیران تھے۔ صبح پانچ بجے ایم کیو ایم نے فضل الرحمان کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور ایسا لگتا ہے کہ کسی نے سارے عمل کو سبوتاژ کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الطاف حسین کے خطاب پر پابندی لاہور ہائیکورٹ نے لگائی ہے حکومت نے نہیں لگائی اس لئے حکومت اس معاملے میں کچھ نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کیلئے ازالہ کمیٹی آج صبح تک بنا دی جائے گی۔