پاک فوج کی ایس ایس جی دنیا کی10 بہترین سپیشل آپریشنز فورسز کی فہرست میں شامل، بھارتی کمانڈوز کا دور تک کوئی ذکر نہیں

پاک فوج کی ایس ایس جی دنیا کی10 بہترین سپیشل آپریشنز فورسز کی فہرست میں شامل، ...
پاک فوج کی ایس ایس جی دنیا کی10 بہترین سپیشل آپریشنز فورسز کی فہرست میں شامل، بھارتی کمانڈوز کا دور تک کوئی ذکر نہیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ کے آرمڈ فورسز ہسٹری میوزیم نے دنیا کی دس بہترین سپیشل آپریشنز فورسز کی فہرست ویب سائٹ پر شائع کی ہے جس میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے، فہرست میں بھارتی کمانڈوز کا دور دور تک کوئی ذکر نہیں ہے ۔ تفصیلات کے مطا بق سپیشل آپریشنز فورسز کسی بھی فوج کے ماتھے کا جھومر ہوتی ہیں، دنیا بھر کے ممالک اپنی افواج میں مشکل ترین آپریشن کرنے والے خصوصی یونٹ تیار کرتے ہیں جن میں شامل کمانڈوز کو اعلیٰ ترین درجے کی تربیت دی جاتی ہے، ان میں شامل جوانوں کو کڑی تربیت کی بھٹی سے گزارا جاتا ہے او ر بہترین صلاحیتوں سے مالا مال یہ کمانڈوز مشکل ترین چیلنجوں کو قبول کر کے انہیں ممکن بناتے ہیں۔ اس ضمن میں آرمڈ فورسز ہسٹری میوزیم نے دنیا کی دس بہترین سپیشل آپریشنز فورسز کی فہرست ویب سائٹ پر شائع کی ہے جس میں پاکستان کے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی )کو9ویں نمبرپر جگہ دی گئی ہے۔ پاکستان کی سپیشل آپریشنز یونٹ کو سپیشل سروسز گروپ یا ایس ایس جی کہا جاتا ہے،یہ فورس بلیک سٹارکس اور اپنی منفرد ٹوپی کی وجہ سے ”میرون بیرٹ “ کے نام سے بھی پہچانی جاتی ہے۔ سپیشل سروسز گروپ کا قیام مارچ 1956 ءمیں عمل میں آیا تھا جو 10 قسم کے مشنز کےلئے تیار کی گئی تھی ۔ ان مشنز میں غیر روایتی جنگ،سپیشل آپریشنز، ایٹمی پھیلاﺅکے انسداد، دہشت گردی کے انسداد، داخلی دفاع، دشمن کی جاسوسی، براہ راست کارروائی اور یرغمالیوں کو آزاد کرانے جیسے مشن شامل ہیں۔ پاکستان کی یہ اعلیٰ ترین فورس امریکی فوج کی گرین بیریٹس اور برطانوی فوج کی ایس اے ایس سے ملتی جلتی ہے۔ایک اندازے کے مطابق سپیشل سروسز گروپ میں تقریباً 7ہزار جوان سرگرم ڈیوٹی پر رہتے ہیں جبکہ اس کی لڑاکا بٹالینز کی تعداد 10ہے تاہم ٹاپ سیکرٹ ہونے کی وجہ سے صحیح تعداد انتہائی خفیہ رکھی جاتی ہے۔ آرمڈ فورسز ہسٹری میوزیم کی فہرست میں برطانیہ کی سپیشل آپریشنز فورسز (ایس اے ایس )پہلے نمبرپر ہے ۔ اس میں شامل جوانوں کو زمین، فضا اور سمندر میں کارروائیاں کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ دوسرا اور تیسرا نمبر دو امریکی سپیشل آپریشنز فورسز کا ہے جن میں مشہور زمانہ نیوی سیل ٹیم سکس اور ڈیلٹا فورس شامل ہیں۔ نیوی سیلز وہی فورس ہے جس نے ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سر براہ اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کیا تھا۔ فہرست میں اسرائیلی سپیشل فورسز شے تیت تھرٹین کو چوتھے نمبرپر جگہ دی گئی ہے ، جرمنی کی جی ایس جی نائن کو 5ویں، پولینڈ کی گروم کو چھٹے، فرانس کی بریگیڈ کو 7ویں ، آسٹریا کی ایکو کوبرا کو 8ویں، پاکستان کے سپیشل سروسز گروپ کو 9ویں اور روس کی سپیشل سروسز فورسز سپیٹس ناز کو 10ویں نمبر پر جگہ دی گئی ہے۔

مزید :

لاہور -Headlines -