اقتصادی راہداری سے پاکستانی قوم کی قسمت وابستہ ہے ، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی:صدرممنون حسین

اقتصادی راہداری سے پاکستانی قوم کی قسمت وابستہ ہے ، دہشت گردوں کے خلاف ...
 اقتصادی راہداری سے پاکستانی قوم کی قسمت وابستہ ہے ، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی:صدرممنون حسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(نیوز ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستانی قوم کی قسمت وابستہ ہے ،اس لیے اس کی بروقت تکمیل کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں، کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں امن وامان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور امن و امان کی مکمل بحالی تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، بدامنی اور دہشت گردی جیسے مسائل صرف انتظامی اقدامات اور طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہوسکتے ،بلکہ اس کے لیے جامع اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن میں معیشت کی بہتری، روزگارو انصاف کی فراہمی اور بامقصدویکساں نظام تعلیم اہم ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے عوام اور حکومت کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

کراچی میں رائس ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کاروباری طبقے کو اپنا کردارادا کرنا ہو گا،پیشہ ورانہ تنظیموں کا بنیادی کردار بھی یہی ہوتا ہے کہ وہ متعلقہ شعبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطے اور درکار ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ذریعہ بنتی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ عالمی منڈیوں کے اتار چڑھاؤسے پاکستانی کاشتکار اور برآمدکنندگان متاثر ہوئے ہیں لیکن حکومت ان مسائل پر قابو پانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے کاشتکار وں کو جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ فصلوں کا معیار اور پیداوار بہتر ہو سکے۔ انھوں نے زرعی شعبہ سے وابسطہ تنظیموں پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے کسانوں کو دنیا کے دیگر حصوں میں ہونے والی تحقیق اور تجربات سے آگاہ کریں تاکہ کسان، برآمد کنندگان اور قومی معیشت نقصانات سے بچ سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی ترقی موجودہ حکومت کی اولیں ترجیح ہے۔ حکومت اس سلسلے میں سازگار ماحول مہیا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جن میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے مارک اَپ کی شرح میں خاطر خوا ہ کمی اور برآمدکنندگان کے لیے آسان اقساط میں قرضوں کی فراہمی سمیت کئی اقدامات شامل ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت جدید مشینری کی درآمد اوربہتری کے لیے مالی سہولتیں بھی فراہم کررہی ہے۔چاول کی برآمدات کو بہتر بنانے کے لیے رائس ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پروموشن کونسل کی تشکیل نو کی جا رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کی منڈیوں میں پاکستان باسمتی چاول کی برآمد ات کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ چاول کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت تجارتی پالیسی کے تحت مقامی تاجر کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ آزاد اور ترجیحی تجارتی معاہدوں کے لیے کوشاں ہے۔ اس کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اپنا کردار ادا کر رہی ہے ، مگر ان کوششوں کے بھرپور نتائج کا حصول تمام فریقوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔اس لیے ضروری ہے کہ رائس ایکسپورٹرزایسوسی ایشن اپنے ارکان کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی، تجارتی وفود کے تبادلوں، نمائشوں کے انعقاد اور نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے اپنی سرگرمیوں کو مزید فعال بنائے۔

مزید :

قومی -