حیات آباد کی امام بارگاہ میں دھماکے اور فائرنگ،20افراد شہید، 50 سے زائد زخمی

حیات آباد کی امام بارگاہ میں دھماکے اور فائرنگ،20افراد شہید، 50 سے زائد زخمی
حیات آباد کی امام بارگاہ میں دھماکے اور فائرنگ،20افراد شہید، 50 سے زائد زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے علاقے حیات آباد میں امامیہ مسجدو امام بارگاہ کے اندر دھماکوں کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امام بارگاہ اور مسجد میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے اور ڈی سی پشاور کا کہنا ہے کہ حالات اب کنٹرول میں ہیں۔ پاک فوج کے دستوں نے مسجد کے باہر پوزیشن سنبھال لی ہے جبکہ مسجد کے اندر سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے اپنے زیر استعمال گاڑی کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے نزدیک کھڑی کر کے آگ لگا دی جس کے بعد یونیورسٹی کی دیوار پھلانگ کر امام بارگاہ اور مسجد میں داخل ہو کر کارروائی شروع کر دی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم کچھ دیر کی تگ و دو کے بعد دہشت گردوں پر قابو پا لیا گیا۔ دھماکے کی نوعیت شدید تھی جس کے باعث ارگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ امام بارگاہ اور مسجد کے قریب کھڑیوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں نے جس امام بارگاہ کو نشانہ بنایا ہے وہاں 1,000 نمازیوں کی گنجائش ہے جبکہ دھماکے کے وقت 800 کے قریب نمازی مسجد میں موجود تھے جن میں سے اکثر کو دہشت گردوں نے یرغمال بنا لیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق مسجد میں نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی کہ ایف سی کی وردی میں ملبوس پانچ مسلح افراد سیکیورٹی پر معمور افراد کو ہلاک کرنے کے بعد مسجد میں داخل ہو گئے۔ اندر داخل ہونے والے ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا اور جبکہ دوسرے خودکش حملہ آور نے بھی خود کو اڑانے کی کوشش کی لیکن اس کی جیکٹ پھٹ نہ سکی جس کے باعث مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ گئیں۔ ڈی سی پشاور کے بعد حملہ آوروں کی تعداد چار تھی جنہیں ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ ایک خودکش حملہ آور کی جیکٹ کو ناکارہ بنانے کی کوشش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام بارگاہ اور مسجد کے اندر آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور اب حالات کنٹرول میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق شدید نوعیت کے دھماکے اور فائرنگ کے باعث کئی افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ ہسپتال حکام نے بھی متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کی تصدیق کی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ آخری اطلاعات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے اور ریسکیو آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ واقعے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر پاک فوج کے دستوں کو بھی طلب کر لیا گیا تھا۔

مزید :

پشاور -Headlines -