ن لیگ کو تین بار ق لیگ بنتے دیکھا , پانامہ کا فیصلہ نواز شریف کیخلاف آ یا تو ن لیگ ’’گمنام لیگ ‘‘ ہو جائیگی: مخدوم سید احمد محمود

ن لیگ کو تین بار ق لیگ بنتے دیکھا , پانامہ کا فیصلہ نواز شریف کیخلاف آ یا تو ن ...
ن لیگ کو تین بار ق لیگ بنتے دیکھا , پانامہ کا فیصلہ نواز شریف کیخلاف آ یا تو ن لیگ ’’گمنام لیگ ‘‘ ہو جائیگی: مخدوم سید احمد محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

رحیم یار خان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر  مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ ن لیگ کو تین بار ق لیگ بنتے دیکھا ، پانامہ کا فیصلہ نواز شریف کیخلاف آ گیا تو ن لیگ آناً فاناً ’’گمنام لیگ ‘‘ہو جائیگی ،  نندی پور ، ساہیوال اور بہاولپور میں لگائے گئے بجلی کے منصوبے ناکام ہو گئے، اب لوڈ شیڈنگ پر احتجاج کرنے والوں کو پنجاب حکومت پولیس سے ڈنڈے مروائے گی اور سنگین نوعیت کے مقدمات درج کریگی،  6ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعویدار4سال میں لوڈ شیڈنگ ختم تو کیا پہلے سے بھی زیادہ برا حال کر دیا ہے جس کی وجہ ان کا کمیشن کھانا ہے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید احمد محمود  نے کہا کہ ایک خط نہ لکھنے پر یوسف رضا گیلانی کو گھر بھیجنے والی عدالت اب دنیا کی بڑی کرپشن ثابت ہونے پر میاں نواز شریف کی بھی چھٹی کروائے، عدلیہ کی طرف پاکستانی قوم ہی نہیں پوری دنیا کی نظریں ہیں اور پانامہ کیس پاکستان کی عزت کا سوال ہے،  اگر عوام کے حق میں فیصلہ آیا تو نہ صرف پاکستان میں کرپشن دفن ہو جائیگی بلکہ پوری دنیا میں ملک کی عزت و وقار میں مثالی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل گڈ گورننس ہے لیکن بد قسمتی سے ہمارے حکمرانوں کا گڈ گورننس سے کوئی تعلق نہیں ، اگر تحقیقات کی جائیں کہ سیاست میں کرپشن کا موجد کون ہے؟  تو لیگی قیادت کا نام سرفہرست ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمرانوں کا طرز حکومت غلط ہے یہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ اور شمالی علاقہ جات کے عوام کو ناراض کئے بیٹھے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے حقوق بھی سلب ہیں، ایسی صورت میں حکمرانوں کو اپنے طرز حکمرانی تبدیل کرنی چاہیئے، اب شہنشاہیت اور بادشاہت کا دور نہیں  بلکہ جمہوریت ہے جس میں جمہور کا خیال سب سے پہلے دیکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں ن لیگ پانامہ لیکس کی وجہ سے انتہائی مایوسی کے عالم میں ہو گی اور ان کے امیدوار ضمانتیں ضبط کروا بیٹھیں گے، اگر پانامہ لیکس کا فیصلہ کرپشن کے خلاف آ گیا تو ملک کی تاریخ بدل جائیگی۔

مزید :

رحیم یارخان -