حکومت بلدیاتی اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریگی،راؤ شہاب دین

حکومت بلدیاتی اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریگی،راؤ شہاب دین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر) مسلم لیگ ن کے نو منتخب ڈپٹی مئیرلاہور راؤ شہاب دین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ان بلدیاتی حکومتوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی جو عوام کی خدمت میں نمایاں کارکردگی دکھائیں گے اور فنڈز کا بروقت استعمال کریں گے۔انہوں نے کہاکہ دیہی آبادی کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے بے مثال اقدامات کئے گئے ہیں۔گزشتہ 4سالوں میں صوبے بھر میں کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام پر 65ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں اور یہ پاکستان کا دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کا سب سے بڑا پروگرام ہے دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے شاندار پروگرام پر عملدرآمد سے دیہی طرز زندگی بدلا ہے اور دیہی آبادی کو بہترین سہولتیں میسر آئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دیہی آبادی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھی موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ2018ء کے الیکشن کے بعد بھی ملک میں جمہوری حکومت ہی قائم ہو گی،اپوزیشن کی سیاست مفروضوں پر مبنی ہے جس کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ ن لیگ کی حکومت کی بہترین پالیسیوں کے باعث ملکی مسائل حل ہو رہے ہیں اور ادارے مستحکم ہو رہے ہیں،یہی بات اپوزیشن کو کھائے جا رہی ہے،سی پیک پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے،اور سی پیک پر پاکستان کے مفاد کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا،اس حوالے سے اپوزیشن کی طرف سے پھیلائی جانے والی افواہوں کا حقیقت کے ساتھ کو تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ہمارے اپنے نام نہاد سیاستدان غیروں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے سی پیک کے خلاف برسر پیکار رہے ہیں اور سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کو شش کرتے رہے ہیں،لیکن وہ ناکام ہوں گے۔ پاکستان انشاء اللہ ترقی کرے گا اور دنیا پاکستان کی طرف معاشی بہتری کے لئے رخ کرے گی۔