راولپنڈی کی عوام ترقی کو ووٹ دے گی ،حنیف عباسی

راولپنڈی کی عوام ترقی کو ووٹ دے گی ،حنیف عباسی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (جنرل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنماء و امیدوار حلقہ این اے 60 محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی کی عوام ترقی کو ووٹ دے گی ۔ ہم نے پنڈی کی عوام کی خدمت کی ہے ۔ نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے میدان آباد کئے ہیں ۔ نواز شریف نے سی پیک منصوبہ میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے ہیں ۔حکومت میں آنے کے بعد سب سے پہلے راولپنڈی کے نوجوانون کیلئے نوکریوں کا مزید بندوبست کرینگے ۔ علاقے میں پینے کے صاف پانی کے لئے ہر یونین کونسل میں ٹیوب ویل لگائے ہیں تاکہ عوام کو پانی مئیسر آ سکے ۔ ترقیاتی کاموں میں مسلم لیگ ن کا کسی جماعت سے کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آریہ محلہ ٹال والی گلی میں چیئرمین یونین کونسل 45 ملک طاہر محمود اور سابق ڈپٹی مئیر ملک سلطان محمود کی جا نب سے منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 25 جولائی نا نہاد لیڈروں کی سیاست کا آخری دن ہو گا۔ ن لیگ راولپنڈی کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشتوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ راولپنڈی کی تمام یونین کونسلوں میں مسائل کو دن رات محنت کر کے حل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے نام پر سیاست کرنے والے سیاسی اداکار کو پنڈی کے لوگ مسترد کر چکے ہیں اور 25 جولائی کو تاریخی شکست دیکر ان کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے خلاف تما م پارٹیاں سازش کر رہی ہیں جس کی بنیادی وجہ ترقیاتی کام ہیں ۔ ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور عوام ہمیں منتخب کرتی رہے گی ۔ حنیف عباسی نے آریہ محلہ مارکیٹ کا دورہ بھی کیا اور ہر دکاندار سے ملے اور ان کی حمایت کرنے پر شکریہ اد ا کیا۔ دکانداروں نے حنیف عباسی کے حق میں نعرے بازی بھی کی اور اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیاجس پر حنیف عباسی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد مزید راولپنڈی کی عوام کی خدمت کریں گے اور میگا پراجیکٹ منظور کرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن راولپنڈی سمیت پورے پاکستان سے بھاری اکثریت سے جیتے گی ۔