حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس میں کرایہ کی وصولی کی خودکار نظام آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم لانچ کر دیا

حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس میں کرایہ کی وصولی کی خودکار نظام آٹومیٹڈ فیئر ...
 حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس میں کرایہ کی وصولی کی خودکار نظام آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم لانچ کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس میں کرایہ کی وصولی کی خودکار نظام آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم لانچ کر دیا ہے۔ آٹومیٹڈ فری کلیکشن سسٹم کی لانچنگ تقریب  سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن  کی زیر میزبانی کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ تقریب میں سندھ کی وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے آٹومیٹڈ فری کلیکشن سسٹم کا افتتاح کیا۔ 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں آج اس  تاریخی  موقع پر انتہائی مسرت محسوس کررہا ہوں , ہم  اپنے عوامی سہولت کے وعدہ پر کاربند ہیں ،  ہم نے صوبے میں  ٹرانسپورٹ سیکٹر  کو ڈیجیٹلائز  یشن  کی جانب گامزن  کیا، ہماری حکومت کا  یہ انقلابی اقدام  عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر  کرےگا،  ہمیں  اس عظیم اقدام کے چمپپئن ہونے پر فخر ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں مواصلاتی  نظام کو نئی شکل دینے  جارہے ہیں ، سندھ حکومت عوام کی بہبودکے حوالے سے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، چاہے وہ ڈیجٹیلائزشن کے حوالے سےہو  یا  انسان دوست ماحول ،  توانائی کا شعبہ ہو، ہم نے ہر شعبے میں جدت لانے میں پہل کی ہے۔ 
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہر میدان میں چاہے وہ تعلیم ہو، صحت ہو ، تھر سے بجلی کی پیداوار ہو  یا سڑکوں کا عظیم نیٹ ورک ہو، کونئی جدت دی ہے، میں ان تمام اشخاص کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جو عوام کی سہولتکاری کے اس اہم  سفر کا حصہ ہیں،الیکٹرک بسوں کے فروغ سے توانائی کی بچت ہوگی، الیکٹرک بسوں کو فروغ دینے سے ماحول کو تحفظ فراہم ہوگا۔ 
انہوں نے کہا کہ اے ایف سی سسٹم متعارف کرانا ہماری کوششوں میں اہم اضافہ ہے،  اس سے نقل و حمل کی سہولت  اورکارکردگی میں اضافہ ہوگا،  ہم عوام کو بہتر سے بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں،  وزیر ٹرانسپورٹ پبلک ٹرانسپورٹ کے انفراسٹرکچر کو مزیدبہتر سے بہتر کرے، حکومت سندھ اس حوالے  سے ہرممکن  تعاون فراہم کرے گی۔ 
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے قائد کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے جارہے ہیں،ایک زمانے میں کراچی میں کے ٹی سی اور  دیگر صوبے کے اضلاع میں ایس آر ٹی سی چلتی تھی ، ہم نے پیپلز بس سروس  سسٹم شروع کیا جو کامیابی کا سفر طے کر رہی ہے ۔ 
انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس سندھ حکومت  اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا کامیاب پراجیکٹ ہے ، ہم ریڈ لائن کو جلد مکمل کرنے جا رہے ہیں اور ییلو لائن پر کام شروع کر دیا ہے ،سندھ حکومت ڈونر ایجنسیز کے ساتھ ملک کے  دیگر صوبوں کی نسبت بہترین کام کر رہی ہے۔ 
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 2022 کے  تباہ کن سیلاب  کے دوران سندھ حکومت اپنے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ، ہم نے اپنے عوام کی سہولت کے لیے ہر ممکن کام کیا ہے، آج سیلاب کے بعد سندھ میں گندم کی بمپر فصل پیدا ہوئی ہے ۔ 
انہوں نے کہا کہ  ہم پر تنقید ہوتی ہے کہ پیپلز پارٹی گورنمنٹ نے کراچی میں  ترقیاتی کام نہیں کیے، ایک دور تھا جب ہم روزانہ ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور جلاؤ گھیراؤجیسے مسائل کا شکار تھے ، امن و امان کی بحالی کے بعد کراچی کی ترقی کے لیے بھرپور کام کیا ہے اور کر رہے ہیں، اگلے ایک مہینے کے اندر پورے پیپلز بس سروس کو خودکار کرائے کے نظام سے منسلک کر یں گے، ہم چیئرمین بلاول بھٹو، صدر آصف زرداری کی قیادت میں عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ 
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں میری امید سے کم الیکشن میں نشستیں ملیں ، لیکن ماضی کے نسبت اس مرتبہ زیادہ نشستیں اور ووٹ ملے جو کراچی کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے،میں یہ وعدہ کرتا ہوں  کہ ہم پارٹی قیادت کی رہنمائی  سے  زیادہ محنت سے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں جدت کو متعارف کروا رہے ہیں، پیپلز بس سروس میں آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم کی لانچنگ اس کا حصہ ہے، کرایہ کی وصولی کا خودکار نظام شروع شروع میں دو روٹس روٹ ون اور روٹ نائن پر شروع کیا جائے گا اور بہت جلد دیگر روٹس پر یہ نظام شروع کر دیا جائے گا۔ 
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں سندھ میں متعدد ایسی سکیمیں شروع کی گئی ہیں جو پاکستان بھر میں پہلی بار شروع ہوئی ہیں، سندھ میں ہی پہلی بات خواتین کے لئے مخصوص پنک بس سروس اور ماحول دوست الیکٹرک بسیں شروع کی گئی ہیں۔یہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن تھا جس کو ہم آگے لے کر گئے ہیں، حکومت سندھ نے محض 50 روپے میں عوام الناس کو سستی، بہترین، جدید سفری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ جب مہنگائی کی وجہ سے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے کرایوں میں اضافے کی سمری سندھ کابینہ میں پیش کی گئی تو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایات دیں کہ پیپلز بس سروس کے کرایوں میں اضافہ نہ کیا جائے، حکومت سندھ کی جانب سے عوام کے لئے سبسڈی دی جائے گی۔ 
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نگران دور حکومت میں سندھ حکومت کے ایک بہت بڑے منصوبے ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام روک دیا گیا تھا، لیکن پیپلز پارٹی کی منتخب اور عوامی حکومت نے مہنگائی کے باوجود ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام ایک مرتبہ پھر تیزی سے شروع کروا دیا ہے۔ 
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے عوام کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ ییلو لائن بی آر ٹی کا کام بھی شروع ہو چکا ہے، ہم صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت عوام کو دینے جا رہے ہیں،  ہر منصوبے کو سنجیدگی سے پایۂ تکمیل تک پہنچانا حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے، عوام الناس کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے سندھ کے ہر ضلع میں بس سروس شروع کی جائے گی۔ 
اس موقع پر وزیراعلیٰ  سندھ  سید مراد علی شاہ نے پیپلز بس میں سوار ہو کر کارڈ کے ذریعے کرایہ ادا کر کے آٹومیشن کا افتتاح کیا۔ 
تقریب میں    سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سیکریٹری  اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، پیپلز بس سروس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق، بینک اسلامی کی ڈپٹی سی ای او عمران حلیم شیخ، زندگی آن لائن بینک کے چیف آفیسر نعمان اظہر، ماسٹر کارڈ ایسٹ عریبیہ ڈویژن کے سینئر نائب صدر مائیک جونس، جے ایس بینک کے صدر  بصیر شمسی نے بھی شرکت کی۔