وارد ٹیلی کام بھی ’انگڑائیاں‘ لینے لگا، صارفین کو جلد خوشخبری دینے کے پیغامات موصول ہونے لگے

وارد ٹیلی کام بھی ’انگڑائیاں‘ لینے لگا، صارفین کو جلد خوشخبری دینے کے ...
وارد ٹیلی کام بھی ’انگڑائیاں‘ لینے لگا، صارفین کو جلد خوشخبری دینے کے پیغامات موصول ہونے لگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں 3G ٹیکنالوجی کی آمد آمد ہے اور ملک کی چار بڑی کمپنیاں تھری جی لائسنس حاصل کر چکی ہے جبکہ چند ہی دنوں میں اس سروس کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا جائے گا۔ تھری جی اور فورجی لائسنس کی نیلامی میں جہاں چار بڑی کمپنیوں نے حصہ لیا وہیں ایک کمپنی ایسی بھی ہے جو اس نیلامی میں نظر نہیں آئی۔ وارد ٹیلی کام کے صارفین اس بات پر شدید غم و غصے میں مبتلا ہیں کہ وارد کمپنی نے اپنے صارفین کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے اور نیلامی میں حصہ نہ لے کر صارفین کو مایوس کیا گیا ہے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے اپنے صارفین کو یہ پیغام پہنچایا جا رہا ہے کہ ڈیٹا ٹیکنالوجی کے متعلق اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔ ہم اپنے صارفین کے صبر کو سراہتے ہیں اور یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ایک بہترین چیز آنے والی ہے، وارد جلد ہی اپنے صارفین کو خوشخبری سنائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وارد اگر چہ نیلامی میں شامل نہیں تھا لیکن نئی ڈیٹا ٹیکنالوجی کی فراہمی میں اسے کسی بڑی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے اور وہ جلد ہی اپنے صارفین کو نئی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ صارفین کو ملنے والے پیغامات میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ وارد کسی طور پر بھی دوسری کمپنیوں سے پیچھے نہیں ہے اور اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ صارفین کو جدید سروس فراہم کرنا نہ صرف صارفین بلکہ خود کمپنی کیلئے بھی انتہائی ناگزیر ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیلامی کے کچھ دنوں بعد وارد کمپنی کے حکام نے پی ٹی اے کے حکام سے ملاقات بھی کی جس میں ڈیٹا ٹیکنالوجی کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ ماہرین کے مطابق وارد کے پاس جدید ترین 4G-LTE کا اوپن لائسنس موجود ہے اور اسے صارفین کو سروس فراہم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے محض ایک این او سی کی ضرورت ہے جس کے حصول کے بعد وارد صارفین کو جدید ترین سہولت فراہم کر سکے گی۔