گڈز اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کا 4مئی کو پہیہ جام ہڑ تال کا فیصلہ

گڈز اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کا 4مئی کو پہیہ جام ہڑ تال کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اسد اقبال)گڈز ٹرانسپورٹرز نے درپیش مسائل پر اپنے جائز مطالبات کے حل کے لیے ضلعی حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے 4مئی کو لاہور میں گڈز اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کا مکمل پہیہ جام کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تے ہوئے ٹرانسپورٹروں کو سر کلر جاری کر دیے ہیں جبکہ ہونے والے ہنگامی اجلاس میں واضح کیا ہے کہ گڈزٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل جن میں بلا جواز ٹریفک و پٹرولنگ پولیس کی جانب سے چالان ، کسٹم اہلکاروں کی جانب سے رشوت کے تقاضا پر ہراساں کرنے ، بند روڈ پر لیا جانے والا ٹو ل ٹیکس اور بار برداری سیکٹر کو چوری و ڈکیتی کی روک تھام میں ہٹ دھرمی ختم نہ ہوئی تو شہر کے داخلی و خارجی بارہ راستے بند کر تے ہوئے اپنا کاروبار بند اور بھر پور احتجاج کریں گے۔گزشتہ روز پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری نبیل محمود طارق کی قیادت میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان منی مزدا ایسو سی ایشن کے صدر حاجی شیر علی ، آل پاکستان ٹر ک ڈرائیور یو نین لاہور کے صدر جاوید بٹ ، پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے صدر چوہدری ذوالفقار احمد ، آل پاکستان ٹر ک ٹرالرز اونرز ایسوسی ایشن کے صدر شیخ متین اور ایس این ایس گروپ کے رانا احمد شفیق مرزاارشد اقبال بیگ ، تنویر بٹ ، سلطان محمو د بچھو ، طارق مجید سمیت ٹرانسپورٹروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس میں ایف ڈبلیو او کی جانب سے بند روڈ پر ٹو ل پلازہ دوبارہ آپریشنل کر نے کی بھرپور مذمت کی گئی اورمطالبہ کیا ہے کہ بند روڈ پر فی الفور ٹو ل پلازہ ختم کیا جائے اور پرانا شیڈول بحال کیا جائے جبکہ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے نوٹیفیکیشن پر عمل کیا جائے ۔پٹرولنگ پولیس سے پرچوں کے اختیارات واپس لیے جائیں اور ٹریفک وارڈنز کی جانب سے ناجائز چالان و جرمانے ختم کیے جائیں۔ علاوہ ازیں سیکرٹری پی ٹی اے اور سیکرٹری آر ٹی اے کے اہلکاروں کی جانب سے بلا جواز جرمانے ،اوورلو ڈنگ اور اوور ویٹ کی صحیح تشریح کی جائے اور ہر ضلع کے لیے روٹ پاسنگ کو منظور کیا جائے جبکہ کسٹم انتظامیہ کی غنڈہ گر دی کو نکیل ڈالتے ہوئے لوڈر گاڑیوں کو ناجائز بند کر نے سے روکا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 4مئی کو لاہور میں نہ کوئی ٹرانسپورٹ داخل ہو گی اورنہ ہی باہر جائے گی بلکہ ٹرانسپورٹرز اپنا کاروبار بند کر تے ہوئے بھرپور احتجاج کر یں گے جس کی ذمہ دار ضلعی حکومت ہو گی۔
پہیہ جام

مزید :

صفحہ آخر -