وزیراعظم اور وزرا ءکی آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے پی ٹی آئی نے عدالت سے رجوع کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر وزرا ءکی مبینہ آڈیولیکس کے معاملے کی تحقیقات کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی ہے ۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز "کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آڈیو لیکس میں موجودہ حکومت کی بدنیتی واضح ہے، شہباز شریف اور دیگر وزراء نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے ، آڈیو لیکس کی انکوائری کرکے شہباز شریف اور کابینہ کے خلاف کریمنل کارروائی کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر ممبران کو فریق بنایا گیا ہے جب کہ درخواست کے ساتھ مبینہ آڈیو لیکس کی ٹرانسکرپٹ بھی لگائی گئی ہے،درخواست میں کہا گیا ہےکہ آڈیو لیکس میں درخواست گزارکو سیاست سے دور رکھنے کے لیے سازش کی گئی، ان آڈیو لیکس میں ایک مجرمانہ سازش کے تحت درخواست گزارکو ٹارگٹ کیا گیا، آڈیو لیکس کو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ تسلیم کر چکے ہیں۔
درخواست میں رانا ثنااللہ، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق کے خلاف فوجداری کارروائی کی استدعا کی گئی ہے،درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے پلاننگ سے منظور نہیں کیے گئے، استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سے متعلق زیرالتواءکیس کے ساتھ یہ درخواست منسلک کی جائے، انکوائری کمیشن وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے انکوائری کرے جب کہ اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف، احسن اقبال، ایاز صادق اور سپیکر قومی اسمبلی سے بھی انکوائری کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ نئی صورتحال پیدا ہونےسے قبل عدالت سے استدعا ہےکہ وہ جوڈیشل نوٹس لے۔