حکومت کس کی بیساکھی پر کھڑی ہے، سب جانتے ہیں: مفتاح اسماعیل 

  حکومت کس کی بیساکھی پر کھڑی ہے، سب جانتے ہیں: مفتاح اسماعیل 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        اسلام آباد(آئی این پی) عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل  نے کہاہے کہ حکومت اور اس کے اتحادی کس کی بیساکھی پر کھڑے ہیں سب جانتے ہیں، عوام موجودہ حکمرانوں کومستردکرچکی ہے،این ایف سی ایوارڈ ٹھیک نہیں کرینگے تو آئی ایم ایف سے جان نہیں چھوٹے گی۔ اپنے ایک بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مائیکرو اکنامک صورتحال بہترہوئی اس میں کوئی شک نہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی کی شرح میں کمی آئی، عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی سے امپورٹ بل کم ہوا، ڈالرپردباؤکم ہوا۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے مطابق اب ڈیفالٹ کاخطرہ 3سال تک نہیں، کہا جاسکتا ہے ملک کی معاشی صورتحال اب بہتری کی طرف جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان کو ہر سال 25 ارب ڈالرقرضہ واپس کرناہوتا ہے، ہم ایک ملک سے قرض لیکر دوسرے کو واپس کر رہے ہوتے ہیں، اب چوتھے سال ہمارے پاس 25 ارب ڈالر واپس کرنے کیلئے نہیں ہوں گے، ایسی کوئی چیزنظرنہیں آرہی جس سے برآمدات بڑھائیں، تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے بجٹ خسارہ کم کرنا ہوگا۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کے موڈ میں نہیں ہے، ٹیکس بہت لگا دیا گیا ہے اب بڑھانے کی گنجائش نہیں ہے، جب تک وفاق کے پاس زیادہ پیسے نہیں چھوڑے، مالی بحران ختم نہیں ہوگا، 10روپے کے خرچے کیلئے وفاق 25 روپے ٹیکس کرتا ہے جس میں 15 صوبوں کو جاتے ہیں۔انھوں نے زور دیا صوبوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہوگا، اپنا ٹیکس جمع کرنے کا کہنا ہوگا۔سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ پر حکومت نے اب تک کوئی کمیشن نہیں بنایا، حکومت اور اس کے اتحادی کس کی بیساکھی پر کھڑے ہیں سب جانتے ہیں، عوام موجودہ حکمرانوں کومستردکرچکی ہے، این ایف سی ایوارڈ ٹھیک نہیں کرے تو آئی ایم ایف سے جان نہیں چھوٹے گی۔

 مفتاح اسماعیل

مزید :

صفحہ آخر -