پولیس اور اسسٹنٹ کمشنرز کو شہر بھر سے وال چاکنگ ختم کرانے کی ہدایت

پولیس اور اسسٹنٹ کمشنرز کو شہر بھر سے وال چاکنگ ختم کرانے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید کی زیر صدارت وال چاکنگ اور پوسٹرز کے جگہ جگہ آویزاں کرنے کی روک تھام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کیمپ آفس میں ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او( ایجوکیشن اتھارٹی)، پراسیکیوشن، پولیس اور دیگر اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ پولیس، ٹی ایم اے اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی حدود سے وال چاکنگ کو ختم کروائیں اور اس حوالے سے مناسب مانیٹرنگ کو جاری رکھیں۔ ایسے افراد جو وال چاکنگ میں ملوث ہیں ان کو جرمانے اور قید کی سزائیں دی جائیں۔ سی ای او( ایجوکیشن )کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سکولوں اور کالجز کے پرنسپل کو خط لکھیں اور سکول و کالج کے چوکیدار کو اس بات کا پابند بنائیں کہ تعلیمی ادارے کی دیوار پر ہرگز وال چاکنگ نہ ہو۔ ڈی سی لاہور نے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں ڈی ایس پی اور ٹی ایم او اس کے ممبر ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر وال چاکنگ کے حوالے سے میٹنگ کرے گی۔ انہوں نے پراسیکیوشن افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں وال چاکنگ کے حوالے سے کیسوں کی مناسب پیروی کریں۔ ریگولیشن آفیسر ایم سی ایل نے ڈی سی لاہور کو بتایا کہ ٹاؤنز نے اب تک 13افراد کے خلاف مقدمات درج کروائیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو کہا کہ وہ اپنی اپنی حدود میں موجود پرنٹنگ پریس، تاجران اور اعلیٰ حضرات سے میٹنگ کریں اور ان کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ وال چاکنگ نہ کریں۔ وال چاکنگ غیر قانونی ہے اور نیشنل ایکشن پلان کا ایک اہم حصّہ ہے اس کے خاتمہ کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔