نوازشریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرنےوالا فل بنچ ایک بار پھر تحلیل
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)نوازشریف ،مریم نوازکےخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پرسماعت کرنے والافل بنچ ایک بار پھرتحلیل ہو گیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد مبین نے درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کیخلاف توہین عدالت درخواستوں کی سماعت ہوئی،جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی کی سربراہی میں3رکنی فل بنچ نے درخواستوں پرسماعت کی،بنچ کے دیگر ممبران میں جسٹس شاہد مبین اور جسٹس عاطر محمود شامل تھے۔
جسٹس شاہد مبین نے مقدمے کی سماعت سے معذوری ظاہر کر دی جس پر فل بنچ تحلیل ہو گیا۔
نوازشریف اور مریم نواز کیخلاف درخواستیں شہری آمنہ ملک اور منیر احمد نے دائر کررکھی ہیں،جن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف،مریم نواز اوردیگر عدلیہ مخالف تقاریر کر رہے ہیں،پیمراعدلیہ مخالف تقاریرکی نشریات پرپابندی کیلئے اقدامات نہیں کررہا،عدالت سے استدعا ہے کہ نوازشریف،مریم نوازاوردیگرکی عدلیہ مخالف تقاریر نشرکرنے پرپابندی کاحکم دے اور ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے بنچ تحلیل ہونے پر سماعت6 اپریل تک ملتوی کردی اور سمری چیف جسٹس کو ارسال کردی۔