سعودی عرب میں ہونیوالی دہشتگردی کی مذمتی قرارداد منظور، سعودی عرب نے کبھی مذمت کی توریکارڈ دکھائیں: شیریں مزاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں ہونیوالے د ھماکوں کیخلاف پاکستان کی قومی اسمبلی نے قراردادمتفقہ طورپر منظور کرلی تاہم اس دوران حکومت کو بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے استفسار کیاکہ آیا سعودی عرب نے بھی کبھی پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کی مذمت کی اوراگر کی ہے تو اس کا ریکارڈ سامنے لایاجائے ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں چار جولائی کو مدینہ سمیت تین شہروں میں ہونیوالے دھماکوں کیخلاف قومی اسمبلی میں وفاقی وزیرمذہبی امور سریوسف نے قرارداد مذمت پیش کی جس میں کہاگیاتھاکہ دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت ہے ۔ایوان نے یہ قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی تاہم کارروائی کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے استفسار کیاکہ آیا سعودی عرب نے بھی کبھی پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کی مذمت کی یا کشمیرپر کبھی کوئی بات کی ، اگر کی ہے تو اس کا ریکارڈ بھی پیش کیاجائے جس پر وزیراعظم کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر سمیت دیگر ارکان برہم ہوگئے اور شیریں مزاری کے موقف سے اتفاق نہیں کیا۔اُنہوں نے کہاکہ حرمین شریفین کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور اس قرارداد کو متنازعہ نہ بنایاجائے ۔