ڈونلڈ ٹرمپ کو خضر خان کی فیملی پر تنقید مہنگی پڑ گئی،تمام گولڈ سٹار خاندان میدان میں آ گئے ،معافی کا مطالبہ کر دیا
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی و تجزیہ نگار عمر مجیب شامی نے کہاہے کہ امریکہ کی تمام گولڈ سٹار خاندانوں نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھا ہے جس میں تمام گولڈسٹار خاندنوں نے ٹرمپ سے خضر خان کی فیملی کے بارے میں کی گئی نا مناسب گفتگو پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیاہے ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’نقطہ نظر ‘میں امریکہ میں صدارتی انتخابات پر تجزیہ کرتے ہوئے عمر مجیب شامی کا کہناتھا کہ ڈیموکریٹک کنونشن کے بعد ہیلری کلنٹن کو انتخابی مہم کی دوڑ میں کامیابی ملی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ خصوصی طور پر اقلیتی ،مسلمان اور سیاہ فام ووٹوں کا جھکاﺅ ہیلری کلنٹن کی طرف نظر آ رہاہے ۔عمرمجیب شامی کا کہناتھا کہ خضر خان نے ڈیموکریٹک کنونشن میں انتہائی جاندار تقریر کی جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے خضر خان کی اہلیہ کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا جس پر گولڈ سٹار خاندانوں نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کے بارے میں کہے گئے الفاظ واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس حوالے سے انہیں خط بھی لکھاہے ۔عمرمجیب شامی کا کہناتھا کہ خضر خان خاندان گولڈ سٹار فیملی ہے، گولڈ سٹار فیملی وہ ہوتی ہے جس کا فرد ملک کیلئے جان قربان کرتاہے اور انہیں ملک میں انتہائی عزت اور احترام دیا جاتاہے ۔