52 ویں قومی اتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں واپڈا کی برتری
ملتان(این این آئی)52 ویں چار روزہ قومی اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے مقابلے دوسرے روز بھی ملتان میں جاری رہے۔ملک کے مختلف شہروں سے آنے والوں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔چیمپئن شپ میں گزشتہ روز لانگ جمپ،دوڑ،پول والٹ،ہائی جمپ،شاٹ پٹ اور دیگر مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔خواتین کی 10 ہزار میٹر کی دوڑ میں واپڈا کی ماریہ بی بی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔جبکہ ایچ ای سی کی نتاشا حسین دوسرے نمبر پر رہیں۔خواتین کی 400 میٹرز ہرڈلز کا ٹائٹل واپڈا کی مسرت شاہین نے اپنے نام کیا۔جبکہ دوسرے نمبر پر واپڈا کی ہی نورین جبار رہیں۔
100 میٹرز ہرڈلز میں بھی واپڈا کی غزالہ رمضان نے میدان مارا۔
خواتین کی 800 میٹر دوڑ میں آرمی کی ربیلہ فاروق نے پہلی اور واپڈا کی ارم شہزادی دوسرے نمبر پر رہیں۔مردوں کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں واپڈا کے سہیل عامر اول آئے جبکہ پاک آرمی کے محمد ریاض دوسری پوزیشن حاصل کر سکے۔چیمپئن شپ میں خواتین کے لانگ جمپ کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔جس میں HEC کی امتل رحمان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔مردوں کے پول واٹ مقابلوں میں آرمی کے جعفر اشرف پہلے نمبر پر آئے۔400 میٹر دوڑ میں واپڈا کے شجر عباس اول آئے۔خواتین کی 200 میٹر دوڑ آرمی کی تمیم خان نے اپنے نام کی۔خواتین کے ہائی جمپ مقابلوں میں واپڈا کی رباب پہلے اور HEC کی امتل رحمان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔مردوں کے شاٹ پٹ مقابلے میں آرمی کے جمشید علی نے اول پوزیشن حاصل کی اور واپڈا کے شفقت علی دوسرے نمبر پر رہے۔چیمپئن شپ میں جاری کھیلوں کے مقابلوں کو دیکھنے کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد،شہریوں اور طلباء_ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور کھلاڑیوں کو خوب داد دی۔