کیا آپ کا ہمسفر آپ سے تعلق ختم کرنے کا سوچ رہا ہے؟ سائنسدانوں نے حقیقت معلوم کرنے کا طریقہ بتادیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ کا ہم سفر آپ کے ساتھ تعلق ختم کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہے؟ سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس سوال کا جواب جاننے کا حیران کن طریقہ بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یونیورسٹی آف ٹیکساس کے تحقیق کاروں نے بتایا ہے کہ جب کوئی شخص اپنے ہم سفر کے ساتھ تعلق ختم کرنے کے بارے میں سوچنے لگتا ہے تو اس کی روزمرہ گفتگو میں الفاظ کاچناﺅ تبدیل ہو جاتا ہے اور وہ کچھ مخصوص الفاظ زیادہ بولنے لگتا ہے۔ ایسا شخص جو الفاظ زیادہ بولنا شروع کر دیتا ہے ان میں’میں‘ اور ’ہم‘ شامل ہیں۔
سائنسدانوں نے اس تحقیق میں سوشل پلیٹ فارمRedditپر 6ہزار 800صارفین کی پوسٹس کی کئی ماہ تک نگرانی کی اور پوسٹس میں ان کے استعمال کردہ الفاظ کے تغیر اور ان کے رومانوی تعلق کا باہم تجزیہ کرکے نتائج اخذ کرتے رہے۔ نتائج میں انہوں نے بتایا کہ جب کوئی شخص اپنے پارٹنرکے ساتھ تعلق ختم کرتا ہے تو اس سے تین ماہ قبل ہی اس کی زبان میں تبدیلی آ جاتی ہے اور وہ ’میں‘ اور ’ہم‘ جیسے الفاظ زیادہ بولنے لگتا ہے۔
اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ سارا سراج کا کہنا تھا کہ ” ’میں‘اور ’ہم‘ کے الفاظ ڈپریشن اور دکھ کی کیفیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ جب کوئی شخص یہ الفاظ زیادہ بولنا شروع کر دیتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اس کا ذہن کوئی تکلیف دہ فیصلہ کرنے کے مرحلے سے گزر رہا ہے اور دکھ کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اپنے پارٹنر کے ساتھ تعلق ختم کرنے کے متعلق سوچنے والا شخص ’میں‘ اور ’ہم‘ کا استعمال زیادہ کرنے لگتا ہے۔“