انسانیت کی خصوصی طور پر غریبوں کی خدمت کرنا بہت ہی نیک اور مطمئن کردینے والا کام ہے، اللہ کے نزدیک بھی اس کا اجر عظیم ہے

 انسانیت کی خصوصی طور پر غریبوں کی خدمت کرنا بہت ہی نیک اور مطمئن کردینے والا ...
 انسانیت کی خصوصی طور پر غریبوں کی خدمت کرنا بہت ہی نیک اور مطمئن کردینے والا کام ہے، اللہ کے نزدیک بھی اس کا اجر عظیم ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:محمد اسلم مغل 
تزئین و ترتیب: محمد سعید جاوید 
 قسط:149
جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو فخر ہوتا ہے کہ تہذیب الاخلاق ٹرسٹ نئے ادارے کے طور پر، طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لحاظ سے اور بہترین معیار تعلیم کی بدولت کس تیزی اور تسلسل کے ساتھ ترقی کر رہا ہے۔ایسی ہی کامیابیوں نے مجھے اس ٹرسٹ میں اپنی موجودگی کو جاری رکھنے کے لیے آگاہی دی ہے۔ کیونکہ یہ ادارہ بہت ہی شاندار لیکن انکسارانہ انداز میں عظیم مقاصد کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ میں اس وقت تک اس عظیم ادارے کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھوں گا جب تک میں محسوس کروں گا کہ میں اس میں کسی بھی طرح سے اپنا حصہ ڈال سکتا ہوں۔ میں نے یہاں سے فارغ التحصیل گریجویٹس میں یہ چیز محسوس کی ہے کہ تعلیم نہ صرف ان کے لیے ترقی کے دروازے کھولتی ہے بلکہ ان کو با اختیار بھی بناتی ہے۔ اس ادارے کی بے مثال کامیابیوں کے لیے اس کے بانی اور وہ تمام لوگ لائق تحسین ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں اور وقت اس ادارے کی کامیابی کے لیے وقف کر دیا اور مالی طور پر بھی بڑھ چڑھ کی اس کی ترویج میں حصہ لیا۔ میرا ایمان ہے کہ انسانیت کی اور خصوصی طور پر غریبوں کی خدمت کرنا ایک بہت ہی نیک اور مطمئن کردینے والاکام ہے اور اللہ کے نزدیک بھی اس کا اجر عظیم ہے۔ 
عبدالحمید رحمت اللہ بینویلینٹ ٹرسٹ
 یہ ٹرسٹ اس لیے قائم کیا گیا تھا کہ یتیم بچوں کو معیاری تعلیم اور مناسب رہائشی سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔ میں اس ٹرسٹ کا ممبر ہوں۔ یہ 14 کنال رقبے پر پھیلا ہوا ایک منصوبہ ہے جس میں 300 بچوں کے لیے سہولتیں رکھی گئی ہیں جس میں ان کے لیے سکول اور رہائشی کمرے ہیں، جہاں ان کی مائیں نگرانی کیا کریں گی۔ اس کے علاوہ ایک ڈائننگ ہال، مسجد اور کھیل کود کا میدان بھی شامل ہے۔ پہلے مرحلے کا کورڈ ایریا  42,000مربع فٹ ہے اور یہ2 منزلوں پر مشتمل ہے۔ قوی امید ہے کہ یہ منصوبہ 2023 ء میں داخلے کے لیے تیارہو جائے گا۔ اس منصوبے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس ٹرسٹ کے سارے حصہ داران یہاں قیام پذیر یتیم بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا کریں گے جس کے لیے ایک مخصوص رہائشی حصہ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس ٹرسٹ کا مقصد ہی یہ ہے کہ یہاں کے سکونتی بچے آگے چل کر اونچے درجے کی تعلیم حاصل کریں اور یوں وہ طب اور انجینئرنگ کے علاوہ سول سروس اور دوسرے پیشوں میں جا کر اپنی اچھی تربیت اور اسلامی تشخص کے ساتھ ادارے کا نام روشن کریں گے۔
مڈل ایسٹ ایسوسی ایشن آف پاکستانیز (MAP)
یہ ادارہ معاشرے کے کمزور اور غریب عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ طبی مراکز کراچی، لاہور، ملتان اور پشاور میں قائم کئے گئے تھے۔ میں نے لاہور میں اس شفا خانے کی تعمیر اور بعد ازاں کئی برس تک اس کی نگرانی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کیا۔مجھے کچھ دیگر مصروفیات کے سبب اسے کچھ برسوں بعد چھوڑنا پڑا لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں اس ادارے سے منسلک رہا جس نے اپنے ذمہ ایک بہت ہی عظیم مقصد کو نبھانے کی ذمہ داری لے رکھی تھی۔اس کے علاوہ میں ڈسکہ میں ٹی بی ایسوسی ایشن کا تاحیات ممبر ہوں جو 60 بستر کے ایک ہسپتال کو چلا رہی ہے۔ میرے پاس ایک اور فلاحی ادارے انجمن خدمت خلق ڈسکہ کی بھی تا حیات ممبر شپ ہے۔ یہ زچہ بچہ کی صحت و تندرستی کے لیے ایک رفاہی ادارہ ہے جو آس پاس کے دیہاتوں میں رہنے والے ہزاروں لوگوں کی طبی ضروریات پوری کرتا ہے جس کے لیے ہسپتال کی سہولتیں بھی موجود ہیں۔ مجھے اپنے آبائی علاقے کے سرکاری سکولوں کی بہتری کے لیے شدیددلچسپی ہے، خاص طور پر وہ تعلیمی ادارے،جنھوں نے بچپن میں میری ابتدائی تعلیم و تربیت کا بہترین اہتمام کیا اور جس کی بدولت میں آج یہاں تک پہنچا ہوں۔  (جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بُک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوط ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

ادب وثقافت -