کلاسیکل رقص کی شاندار شام کا انعقاد
لاہور (فلم رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام بین الاقومی شہرت یافتہ کلاسیکل رقاصہ و گلوکارہ گرومس مٹھا کی 90سالگرہ کے موقع پر ان کی خدمات کی خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کلاسیکل رقص کی ایک شاندار شام کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کی صاحبزادی و نامور کلاسیکل رقاصہ تحریمہ مٹھا کے علاوہ آمنہ نواز، افتخار مسیح،ماہیار مٹھا ودیگر نے 6مختلف کلاسیکل رقص پیش کر کے حاضرین کی بڑی تعداد پر سحر طاری کر دیا۔
ستار نواز استاد سلیم خان نے اپنی پرفارمنس سے پروگرام کو چار چاند لگا دیئے۔ چیئرپرسن بورڈ آف گورنر لاہور آرٹس کونسل منیزہ ہاشمی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے پروگرام میں خصو صی شرکت کی اور فنکاروں کو دل کھو ل کر داد دی۔چیئرپرسن بورڈ آف گورنر لاہور آرٹس کونسل منیزہ ہاشمی نے اس موقع پر اپنے تا ثرات میں کہا کہ اس گھرانے کی کلاسیکل موسیقی میں لازوال خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا،آج کے موسیقی کے اس پروگرام میں بہترین کلاسیکل رقص دیکھنے کا ملا۔ر ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے اس موقع پر کہا کہ کلاسیکل رقص کے اس تقریب سے جہاں اس فن کو فروغ ملے وہاں یہ اپنے ہیروز کی خدمات کا اعتراف بھی ہے،اند و مٹھا کتھک رقص میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہیں،یہ رقص آرٹ کے مظاہرے کی اعلی نوعیت ہے۔تحریمہ مٹھا نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انکی والدہ نے کلاسیکل رقص سیکھنے کی ابتدا عظیم ادبی،ثقافتی و تہذیبی شہر لاہور سے کی،انکی یادوں کو طویل سلسلہ لاہور سے جڑا ہوا ہے،وہ اپنے شعبے میں دنیا بھر میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکی ہیں جس پر فخر ہے۔