پُل سے گرایا گیا 7دن کا بچہ جانور کے کاٹنے کے باوجود زندہ بچ گیا

پُل سے گرایا گیا 7دن کا بچہ جانور کے کاٹنے کے باوجود زندہ بچ گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی ریاست اُترپردیش کے ہمیرپور قصبے میں سڑک پر بنے پُل کے قریب ایک درخت سے لٹکتا ہوا بچہ پایا گیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بچے کو اس کے والدین نے پُل سے گرایا تھا جس کی وجہ سے اسے 50 سے زائد چوٹیں آئی تھیں اور اسے کسی جنگلی جانور نے کاٹا بھی تھا۔
 اس بچے کو ریسکیو کرنے کے بعد جب خانپور کے ایک ہسپتال میں پہنچایا گیا تو ڈاکٹروں کو امید نہیں تھی کہ وہ مزید زندہ رہ پائے گا لیکن مسلسل دو ماہ تک علاج کے بعد وہ اب صحت مند ہے۔
خانپور ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کے مطابق ’اس بچے کا نام کرشنا رکھا گیا تھا۔ اس بچے نے 26 اگست کو ایک ایسی زندگی جینے کی شروعات کی جو شاید اس کے لیے نہیں چاہی گئی تھی۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’علاج معالجے کی وجہ سے مکمل صحت مند ہونے کے بعد جب کرشنا نے ہسپتال چھوڑا تو شاید ہی ایسی کوئی آنکھ ایسی ہو جو اشکبار نہ ہوئی ہو۔ کرشنا سے ہسپتال کے عملے اور ڈاکٹرز کی خاصی دل لگی ہو گئی تھی اس وجہ سے اس کے ہسپتال سے جانے پر سب رنجیدہ تھے۔‘
لالی لاجپت رائے ہسپتال خانپور کے پرنسپل سنجے کالا کے مطابق کہ ’ہمیں یہ بچہ ہمیر پور کی ضلعی ہسپتال کی جانب سے ریفر کیا گیا تھا، اس بچے کو اس کے والدین کی جانب سے ایک اونچے پُل سے پھینکا گیا لیکن خوش قسمتی سے وہ نیچے آ کر زمین پر گرنے کی بجائے ایک درخت میں پھنس گیا۔ بچے کی پُشت سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے کوؤں اور دوسرے جانوروں نے کاٹا بھی تھا۔ جب کرشنا ہمارے پاس پہنچایا گیا تو اس کے جسم پر 50 زخم تھے۔‘

ہسپتال کے عملے نے بتایا کہ یہ بچہ 26 اگست کو ملا تھا۔ اس روز جنم ستھامی (ہندومت کا مذہبی تہوار) تھی، اس وجہ سے اس کا نام کرشنا رکھا گیا۔
ہسپتال کی ایک نرس کے مطابق جب کرشنا زخموں کے درد کی وجہ سے روتا تھا تو اسے وہ لوریاں سنا کر چُپ کرانے کی کوشش کرتی تھیں کیونکہ زخموں کی وجہ سے بچے کو اٹھایا نہیں جا سکتا تھا۔
نرس کہتی ہیں کہ ’جب کرشنا روتا تھا تو ہم سب کی آنکھوں میں آنسو ہوتے تھے۔ ہم اس کے زخموں پر پھونکیں مارتے تھے تاکہ اسے درد سے کچھ راحت ملے۔‘
ڈاکٹر کالا کے مطابق دو ماہ تک جاری رہنے والے علاج معالجے کے بعد کرشنا صحت مند ہو گیا ہے۔
اسے 24 اکتوبر کو پولیس اور چائیلڈ پروٹیکشن کمیٹی کے حوالے کیا گیا۔
ڈاکٹر کالا کہتے ہیں ’اگر والدین اسے نہیں بھی چاہتے تھے تو پُل سے نیچے تو نہ پھینکتے، وہ اسے ہسپتال چھوڑ جاتے، کسی مندر یا مسجد میں چھوڑ جاتے مگر یوں اسے گراتے نہ۔‘