معاون خصوصی برائے سپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق کا دورہ ملتان ،ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن اور ڈی او کی انکوائری کا حکم
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے سپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق جبین نے چارج سنبھالتے ہی پہلا دورہ ملتان کا کیا-معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے خصوصی بچوں کے تعلیمی ادارے میں بچوں کی عدم موجودگی پر برہمی کااظہار کیا-ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن ملتان اور ڈی او سپیشل ایجوکیشن ملتان کی انکوائری کا حکم دیدیا-
ثانیہ عاشق نے کہاکہ ڈرائیور کی عدم موجودگی کی وجہ سے بچوں کی سکول سے 4 دن سے غیر حاضری ناقابل برداشت ہے۔ معاون خصوصی ثانیہ عاشق کو ملتان میں سپیشل ایجوکیشن سینٹرز کے امور سے متعلق خصوصی اجلاس میں بریفنگ دی گئی-صوبائی معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے سپیشل ایجوکیشن سنٹرز میں بہتری کے لیے الٹی میٹم دیا اور سپیشل ایجوکیشن سکولز میں سہولیات بہتر کرنے کا حکم دیا-72 ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر اسپیشل ایجوکیشن کے سنٹرز آف ایکسی لینس کی تکمیل دسمبر تک یقینی بنانے اور سپیشل ایجوکیشن سکولزکی بسوں کو آن روڈ کرنے کے لئے ڈرائیورز کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی-
ثانیہ عاشق نے کہاکہ سکولوں میں سپیشل بچوں کیلئے سائیکالوجسٹ، ماہر سپیشل ایجوکیشن پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے۔سپیشل ایجوکیشن کے اساتذہ کی ٹریننگ اور کونسلنگ کیلئے بھی مکمل تربیتی سیشن کرائے جائیں۔ سپیشل بچوں کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود وزیر اعلیٰ کی ترجیح ہے۔ خصوصی بچوں کو معاشرے کا کار آمد فرد بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ خصوصی بچوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بسوں کو فعال کیا جا رہا ہے۔ بصری، سمعی اور ذہنی طور پر کمزور بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان خصوصی بچوں کی کفالت کیلئے اقدامات کی ہدایت کی- کمشنر آفس ملتان میں سپیشل ایجوکیشن کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کی-اجلاس میں سپیشل ایجوکیشن کے ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی- کمشنر ملتان مریم خان، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور دیگر حکام بھی موجود تھے- خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کے ڈپٹی کمشنرزنے ویڈیولنک پراجلاس میں شرکت کی-