حکومت عید الاضحٰی پر ڈیلی ویجز کنٹریکٹ ملازمین مستقل کرے ورنہ ملک گیر تحریک چلائیں گے :ایپکا

حکومت عید الاضحٰی پر ڈیلی ویجز کنٹریکٹ ملازمین مستقل کرے ورنہ ملک گیر تحریک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                        لاہور ( لیاقت کھرل) حکومت عید الاضحی پر ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے اور پے سکیلوں کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرے، پے ٹائم سکیل پرموشن اور ہاﺅس رینٹ کو موجودہ پے سکیلوں کے مطابق دینے کا اعلان کیا جائے۔ وگرنہ عید کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایپکا کے صوبائی و مرکزی عہدیداروں حاجی محمد ارشاد چودھری، لالہ محمد اسلم، ارشد باجوہ، ظفر کمبوہ اور یونس بھٹی سمیت فضل داد گجر نے ”پاکستان فورم“ میں اظہار خیال کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر حاجی محمد ارشاد نے کہا ہے کہ عید پر تمام صوبوں کے سرکاری محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا جائے تاکہ سرکاری ملازمین خوشی کے ساتھ عید منا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پے سکیل اپ گریڈ نہ ہونے کے باعث لاکھوں سرکاری ملازمین میں بددلی اور مایوسی پھیل کر رہ گئی ہے۔ حکمران اپنے سیاسی مخالفین کو کمزور کرنے پر لگے ہوئے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال پیدا ہو کر رہ گئی ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں دو وقت کی روٹی پوری کرنا انتہائی مشکل ہو کر رہ گئی ہے ۔ ظفر کمبوہ نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کے ساتھ متعدد بار ڈائیلاگ کیے گئے ہیں۔ اس میں سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان کو چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر ارشد باجوہ نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کی طرز پر پنجاب میں بھی سرکاری ملازمین کے پے سکیلوں کو اپ گریڈ کیاجائے۔ اس میں کے پی کے کے سرکاری ملازمین کے پے سکیلوں کو سال 2013ءسے اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں تاحال مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے لالہ محمد اسلم اور فضل داد گجر نے کہا کہ گریڈ پانچ سے گریڈ سولہ تک کے سرکاری ملازمین کے ٹائم سکیل پرموشن کی وزیر اعلیٰ پنجاب نے منظوری بھی دے رکھی ہے اور اس میں چیف سیکرٹری کی نگرانی میں فارمولہ طے کرنے کے لئے کمیٹی نے اپنی سفارشات دینا تھیں جو کہ ایک سال سے ہمارا اہم ترین مطالبہ پینڈنگ پڑا ہے اور کمیٹی نے سرکاری ملازمین کے مطالبات کو دبا رکھا ہے۔ اس حوالے سے یونس بھٹی نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ایڈہاک ازم کو ختم کر کے سکیلوں کو ریوائز کیا جائے اس میں کلرک سے لے کر چیف سیکرٹری تک کو فائدہ ہو گا۔ فضل داد گجر اور حاجی غلام مصطفی نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو ہاﺅس رینٹ 2008ءکے پے سکیلوں کے تحت دیا جا رہا ہے اس میں ہاﺅس رینٹ سال 2014ءکے پے سکیلوں کے مطابق دیا جائے ۔ اس موقع پر سرکاری ملازمین کے رہنماﺅں نے کہا کہ حکومت عید الاضحی پر سرکاری ملازمین کی مراعات میں مہنگائی کے تناسب سے اعلان کرے وگرنہ عید کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی جس کے لئے صوبائی اور مرکزی عہدیداروں سمیت تمام اضلاع کے عہدیداروں کا 16 اکتوبر کو ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس کے بعدمطالبات تسلیم نہ ہونے پر پارلیمنٹ ہاﺅس سمیت تمام صوبوں کی صوبائی اسمبلیوں کا گھیراﺅ کیاجائے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -