بیمار گوشت کی فروخت روکنے کیلئے،صوبائی دارالحکومت میں 8چیک پوسٹیں قائم کی جائینگی

بیمار گوشت کی فروخت روکنے کیلئے،صوبائی دارالحکومت میں 8چیک پوسٹیں قائم کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (جنرل رپورٹر) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ بیمار و مردہ گوشت کی لاہور میں رسد کو مکمل طور پر روکنے کے لیے آٹھ (8) چیک پوسٹیں قائم کی جا رہی ہیں ان چیک پوسٹوں پر تعینات ہونے والے عملہ کی تربیتی ورکشاپ بھی ہو چکی ہے چیک پوسٹوں پر پولیس، محکمہ لائیو سٹاک اور ٹی ایم اے کا عملہ تعینات ہوگا اور ایک دن میں یہ چیک پوسٹیں فعال ہو جائیں گی۔ کمشنر لاہورڈویژن کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ چیک پوسٹیں نیو راوی پل، اولڈ راوی پل، سگیاں، محافظ ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، گجومتہ، بابو صابو اور خیابان جناح کے قریب قائم ہوں گی۔ کمشنر لاہور نے لاہور سمیت ڈویژن کے باقی اضلاع کے ڈی سی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بیمار و مردہ گوشت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے بلکہ دکانوں پر بھی اگر گوشت حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی کے ساتھ موجود نہ ہو تو بھی ایکشن لیا جائے۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ بیمار و مردہ گو شت کی لعنت کے تدارک کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے تاکہ لوگ بھی اس میں انتظامیہ کے دست و بازو بنیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بیمار و مردہ گوشت کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد اور اس کی فروخت میں ملوث دکاندار و قصاب کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، میٹ انسپکٹرز کو واضح اہداف کے ساتھ مزید فعال کیا جائے اور اس کریک ڈاؤن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ لاہور انتظامیہ دو روز میں اپنا ٹال فری نمبر اور وٹس ایپ نمبر بھی مشتہر کر رہی ہے تاکہ ایکشن اور رپورٹنگ میکانزم مزید مستحکم ہو سکے۔