نیوز گیٹ سکینڈل کیس کی سماعت، حکومت کے پاس نیا جوڈیشل کمیشن بنانے کا آپشن زیر غور ہے؟ عدالت کا استفسار

نیوز گیٹ سکینڈل کیس کی سماعت، حکومت کے پاس نیا جوڈیشل کمیشن بنانے کا آپشن زیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے نیوز لیک سکینڈل میں وفاقی حکومت سے استفسار کیا ہے کہ کیا حکومت کے پاس قومی سلامتی کی خبر کی تحقیقات کیلئے نیا جوڈیشل کمیشن بنانے کی آپشن زیر غور ہے؟ عدالت نے جسٹس (ر)عامر رضا خان کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کے تمام ارکان کا پنجاب سے تعلق ہونے کے اعتراض پر بھی وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے یہ کارروائی پیپلز پارٹی کے کارکن الیاس خان کی درخواست پر کی ہے ، درخواست گزار کی طرف سے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر قانون بابر اعوان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی غیرقانونی ہے، کمیٹی کے تمام اراکین کا تعلق پنجاب اور لاہور گروپ سے ہے،قومی سلامتی کے اجلاس کی خبر کے اثرات صرف پنجاب نہیں، پورے ملک پر پڑے، اس لئے انکوائری کمیٹی میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہئے ، یہ طے ہی نہیں کیا گیا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ملزموں کیخلاف کس قانون کی کس دفعات کے تحت کارروائی ہو گی، وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انکوائری کمیٹی آئین اور قانون کے مطابق قائم کی گئی ہے، کمیٹی کی تشکیل مکمل طور پر وفاقی حکومت کا اختیار ہے، عدالت نے عبوری بحث سننے کے بعد مزید سماعت چودہ دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے استفسار کیا ہے کہ کیا حکومت کے پاس قومی سلامتی کی خبر کی تحقیقات کیلئے نیا جوڈیشل کمیشن بنانے کی آپشن زیر غور ہے یا نہیں، عدالت نے کمیٹی کے تمام ارکان کا پنجاب سے تعلق ہونے کے اعتراض پر بھی وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔
انکوائری کمیٹی

مزید :

صفحہ آخر -