متوقع برفباری، پی ڈی ایم اے پنجاب کی تیاریاں مکمل،مری میں سیاحوں کیلئے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )متوقع برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے تیاریاں مکمل کر لیں اورمری میں سیاحوں کیلئے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے مری انتظامیہ کو ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کیلئے سامان کے 2 ٹرک روانہ کیے جارہے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ ریسکیو اور ریلیف سامان میں سرچ اینڈ ریسکیو جیکٹس، ٹائر سنو چین، مشینی آری اور موسم سرما کے خیمے،رین کوٹ، فولڈ نگ شاول، لحاف کمبل، گرم دستانے، چھتریاں اور ٹوپیاں بھی شامل ہیں۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ تھل اور چولستان کے علاقوں میں میٹھے پانی کی مسلسل فراہمی کے لیے واٹر باؤزر فراہم کیے گئے۔آسمانی بجلی و مون سون بارشوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے باعث متاثرین کو مالی معاونت فراہم کی گئی۔مون سون بارشوں کے باعث متاثرہ فصلوں کے لیے مالی معاونت فراہم کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث 2500 متاثرہ خاندانوں کو راشن فراہم کیا گیا،مون سون بارشوں اورآسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں آگاہی مہم چلائی گئی۔سموگ سے نمٹنے اور بہتر حکمت عملی بنانے کے لیے تھنک ٹینک کی بنیاد رکھی گئی جس میں تمام اعلی اداروں کے پروفیسرز کو شامل کیا گیا۔
خواجہ سلمان رفیق کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اجلاسوں میں مون سون کانٹیجنسی پلان اور سیلاب کے پیش نظر اقدامات کی حکمت عملی تیار کی گئی۔سیلاب کے دوران اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے دورے کیے گئے۔حالیہ سیلاب میں پی ڈی ایم اے کے بروقت اور پیشگی اقدامات کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر بند اور پشتوں کی مضبوطی کے لیے 17 ملین روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔سانحہ بلوچستان میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کو 2 کروڑ 70 لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق مری انتظامیہ کو تمام تر معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔مری میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں ۔سیاحوں سے گزارش ہے کہ سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں ۔ کسی بھی ناگہانی آفت سے بچنے کے لئے پی ڈی ایم اے پنجاب 24 گھنٹے الرٹ ہے ۔ پی ڈی ایم اے و ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی رہنمائی اور تحفظ کے لئے موجود رہے گی۔موسم کے حوالے سے احساس ذمہ داری قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق برفانی طوفان 2022 کے سانحہ کے پیش نظر جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کیلئے پی ڈی ایم اے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنا رہا ہے۔بروقت اور پیشگی تیاری سے سانحات سے بچا جا سکتا ہے ۔پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے پاک آرمی و ریسکیو 1122 کو فلڈ ریلیف ایکوئپمنٹ فراہم کیا گیا۔