شرمساری پر مبنی یہ بیہودہ اور نقصان دہ سلسلے دار چکر ان تمام شناختوں اور علامتوں پر لاگو ہوتا ہے جن کے باعث آپ اپنی شخصیت کو بے وقعت اور حقیر سمجھتے ہیں
مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:67
1:”میں بہت شرمیلا ہوں۔“
2:”مجھے وہ لوگ بہت پسند ہیں۔“
3:”میرا خیال ہے کہ میں ان کے پاس جاؤں۔“
4:”نہیں، میں ان کے پاس نہیں جا سکتا۔“
5:”میں ان کے پاس کیوں نہیں جا سکتا۔“
6:”اس لیے کہ میں بہت شرمیلا ہوں۔“
ہمیشہ سے ہی آپ کا یہی رویہ اور طرزعمل ہوتا ہے اور چونکہ آپ مسلسل استعمال کے ذریعے اپنی یہ عادت پختہ کر لیتے ہیں، اس لیے یہ آپ کی فطرت ثانیہ بن گئی ہوتی ہے۔ اس عادت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے درکار خطرہ مول لینے پر مبنی رویہ اور طرزعمل آپ کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتا۔ اس نوجوان میں موجود شرم کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن کا ماخذ ممکنہ طو رپر اس کا بچپن ہے۔ اپنے اس خوف کی وہ جو کچھ بھی وجہ بتاتا ہے، بہرحال اس نے یہ فیصلہ کر لیا ہوتا ہے کہ وہ معاشرتی طو رپر لوگوں سے میل جول نہ رکھنے اور اپنے اس روئیے اور طرزعمل کو اپنی شناخت و علامت کے پردے میں چھپا دے۔ ناکامی کا خوف اس قدر شدید ہوتا ہے کہ وہ کوشش کرنے سے بھی گھبراتا ہے۔ جب بھی وہ اپنا یہ رویہ تبدیل کرنے کا خیال ذہن میں لاتا ہے تو اس کی شناخت و علامت اس کا گھیراؤ کر لیتی ہے اورپھر وہ کہنے پر مجبور ہو جاتا ہے: ”میں بہت شرمیلا تھا اور ابھی تک شرمیلا ہوں اور میرا رویہ اورطرزعمل شرمیلے اندازپرمبنی ہوتا ہے۔“
شرمساری پر مبنی یہ بیہودہ اور نقصان دہ سلسلے دار چکر ان تمام شناختوں اور علامتوں پر لاگو ہوتا ہے جن کے باعث آپ اپنی شخصیت کو بے وقعت اور حقیر سمجھتے ہیں۔ ذیل میں ایک ایسے طالب علم کا احوال دیکھیے جوریاضی میں کمزور ہے۔
1:میں ریاضی میں کمزور ہوں (میں ہمیشہ یہی کہتا ہوں)
2:آج میں نے ریاضی کے سوالات حل کرنے ہیں۔
3:میرا خیال ہے کہ میں یہ سوالات حل کر لوں گا۔
4:(10 منٹ کے لیے) میں یہ سوالات حل نہیں کر سکتا۔
5:میں یہ سوالات کیوں نہیں حل کر سکتا؟
6:اس لیے کہ میں ریاضی میں کمزور ہوں۔
یہ طالب علم ہمیشہ سے ہی اس عادت میں مبتلا ہے۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ اس نے ریاضی کی جماعت سے کیوں غیرحاضری کی تو وہ کہنے لگا: ”میں ہمیشہ سے ہی ریاضی میں کمزور ہوں۔“ اسی طرح کی مزید خامیوں اورکمزوریوں کے باعث آپ مستقل طور پر اپنے لیے خودتحقیری اور بے وقعتی پر مبنی رویہ اور طرزعمل اختیار کر لیتے ہیں۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔