نوشکی اور پنجگور میں ایف سی کیمپوں پر حملہ،  4 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید: آئی ایس پی آر

نوشکی اور پنجگور میں ایف سی کیمپوں پر حملہ،  4 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید: ...
نوشکی اور پنجگور میں ایف سی کیمپوں پر حملہ،  4 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید: آئی ایس پی آر
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان کے شہروں نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی ہے جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک اور ایف سی کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی گئی  تاہم انہیں بروقت کارروائی سے پسپا کردیا گیا۔ دہشت گردوں کو دونوں کارروائیوں میں جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ ایف سی کے جوانوں کی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ یہاں بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ حملہ ختم ہونے کے بعد دہشت گردوں کی ہلاکتوں کا تعین کیا جا رہا ہے تاہم فائرنگ کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پنجگور میں دہشت گردوں نے دو مقامات سے ایف سی کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کو بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔ یہاں بھی دہشت گردوں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا جب کہ فائرنگ کا سلسلہ حال جاری ہے۔ دہشت  گردوں سے ہونے والی جھڑپ میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہیدہوا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے مقامی میڈیا میں یہ خبریں سامنے  آئی تھیں کہ نوشکی اور پنجگور میں یکے بعد دیگرے متعدد دھماکے ہوئے ہیں جن میں ایف سی کے کیمپوں سمیت دیگر املاک کو نقصان پہنچا ہے ۔ بعض مقامی لوگوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ دھماکوں کے بعد علاقے میں ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھی گئی ہیں تاہم صورت حال واضح نہیں تھی لیکن آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے بعد اب صورت حال واضح ہوگئی ہے۔