رمضان رحمتوں کا مہینہ،روز ہ تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ ہے،افتخار حسین
لاہور(پ ر )ہیومن رائٹس ویلفےئر فورم کے صدر افتخار حسین نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جب تک ہم بحیثیت مسلمان احکامات خداوندی کے تحت دوسرے مسلمانوں کیلئے آسانیاں پیدا نہیں کریں گے اس ماہ کی اصل برکات سمیٹنے سے محروم رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آمد رمضان کے موقع پر اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ رو زہ تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ ہے اس سے باہمی یکسانیت،اخوت و محبت اور وقت کی پابندی جیسی اعلیٰ صفات پیدا ہوتی ہیں ،روزہ رکھنے سے صحت و تندرستی اور درازی عمر ،پاکیزگی و صفائی کی نعمت از خود حاصل ہو جاتی ہے جس کا کسی دوسرے ذریعہ سے حاصل ہونا محال ہے۔انہوں نے کہا کہ روزہ رکھنے سے انسان میں شعور و ضمیر کی بیداری اور خود شناسی و خود آگاہی جیسے کمالات پیدا ہوتے ہیں،روزہ رکھنے سے انسان مادہ پرستی کی غلامی کی ذلت سے آزاد ہو کر خالق کائنات کی بندگی کے اعزاز سے معزز اور انسانیت کے شرف سے مشرف ہوتا ہے۔