احتجاجی دھرنے ، لوگوں میں خوف ، ٹرینیں خالی ، محکمہ ریلوے کو 2دنوں میں کروڑوں کا نقصان

احتجاجی دھرنے ، لوگوں میں خوف ، ٹرینیں خالی ، محکمہ ریلوے کو 2دنوں میں کروڑوں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان (خصوصی رپورٹر ‘ سٹی رپورٹر ) ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور دھرنوں کے باعث گزشتہ روز چار مسافر ٹرینیں کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس ،عوام ایکسپریس(بقیہ نمبر57صفحہ12پر )
کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس اور راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی روانگی منسوخ کردی گئیں جبکہ مسافروں کو ٹکٹیں ریفنڈ کردیں۔ پشاور، حویلیاں، راولپنڈی سے کراچی کے لئے چلائی جانے والی ٹرینوں کو کندیاں، میانوالی، کوٹ ادو کے راستے ملتان لایاگیاجبکہ کراچی سے براستہ ملتان اور وایا کاڈ لائن فیصل آباد کے راستے لاہور، راولپنڈی اور پشاور جانے والی ٹرینوں کو فیصل آباد تک ہی محدود کیاگیا اوراس سٹیشن سے کراچی کے لئے چلایا گیا۔ تمام ٹرینیں منزل مقصود کی طرف روانہ تو کی گئیں لیکن وہ تمام خالی تھیں جبکہ بڑی تعداد میں مسافروں نے ٹکٹیں واپس کردیں۔ جن سے ریلوے کو ان دو دنوں میں کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا مجموعی طور پر ملتان ڈویژن کے راستے گذرنے والی 12 ٹرینیں 2 سے 10 گھنٹے کی تاخیر کا شکار رہیں ۔رائے ونڈ نہ پہنچانے پرتبلیغی اجتماع کے لئے جانے والے مسافروں نے ملتان کینٹ سٹیشن پر ریلوے ٹریک پر دھرنا دے کر عوام ایکسپریس روانہ ہونے سے روک دی۔ ریلوے انتظامیہ کی یقین دہانی پر دو گھنٹے بعد دھرنا ختم کردیاگیا۔ اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ آسیہ مسیح بریت کیس کے بعد ملکی صورتحال کے پیش نظر گزشتہ روز پشاور، حویلیاں اور راولپنڈی سے چلائی جانے والی ٹرینیں لاہور اور ملتان کے درمیان لائن کے بجائے براستہ کندیاں، کوٹ ادو ملتان آئیں۔ عوام ایکسپریس جب راولپنڈی کے راستے کندیاں کے لئے روانہ ہوئی تو رائے ونڈ جانے والے2ہزار کے لگ بھگ مسافروں نے ٹرین میں احتجاج شروع کردیا۔ اس کے باوجود عوام ایکسپریس ملتان پہنچ گئی۔ جہاں مسافروں نے پلیٹ فارم نمبر3پر موجود ٹریک پر دھرنا دے کر عوام ایکسپریس کو کراچی جانے سے روک دیا۔ جس پر ریلوے پولیس کی بھاری نفری اور افسران موقع پرپہنچ گئے اور انہوں نے ان مسافروں سے دو گھنٹے مذاکرات کئے جس کے بعد انہیں رائے ونڈ پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔ اس دوران عوام ایکسپریس سٹیشن پر کھڑی رہیں۔ دھرنے کے دو گھنٹے بعد ٹرین کو کراچی کے لئے روانہ کیا گیا اور ان مسافروں کو خیبرمیل اور ملتان ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کے ذریعے رائے ونڈ بھیجا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آسیہ ملعونہ کی رہائی کے احکامات کے فیصلے کے خلاف جگہ جگہ احتجاجی مظاہروں کے موقع پر پبلک مقامات سمیت احتجاجی مظاہروں، دھرنوں، ریلیوں کے مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی گھنٹہ گھر چوک پر تحفظ ناموس رسالت ؐ کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کے باعث گھنٹہ گھر چوک کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا جس کی وجہ سے ٹریفک نظام مکمل طور پر جام رہا جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں متبادل راستے اختیار کرنا پڑے جبکہ سادہ لباس میں ملبوس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاراحتجاجی مظاہروں، دھرنوں ، ریلیوں کی مانیٹرنگ کرتے رہے ۔سٹی ٹریفک پولیس نے گھنٹہ گھر چوک پر احتجاج کی وجہ سے شہریوں کیلئے متبادل ٹریفک پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔جس کے مطابق احتجاج ختم ہونے تک ٹریفک گھنٹہ گھر چوک کی طرف نہیں جائے۔بلکہ کچہری سے گھنٹہ گھر جانے والی ٹریفک چونگی نمبر 7 سے گزاری جا رہی ہے چونگی نمبر 9 اور دولت گیٹ والی ٹریفک کو مچھلی منڈی والا روڈ سے گزارا رہا ہے۔اسی طرح نواں شہر سے گھنٹہ گھر والی ٹریفک کلمہ چوک اور ڈیرا اڈا روڈ سے چلائی جا رہی ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی مسئلے کی صورت میں ٹریفک ہیلپ لائن 1915پر رابطہ کرسکتے ھیں۔
احتجاج، دھرنے