جب میں سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ میں رہتی تھی تو انڈر ورلڈ ۔ ۔ ۔سومی علی نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا
ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان کی سابقہ دوست سومی علی نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے انڈر ورلڈ کی طرف سے اٹھائے جانے کی دھمکی ملی تھی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سومی علی نے کہا کہ مجھے1990ء میں جب میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ پر رہتی تھی تو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سلمان خان کے نام آنے والی دھمکی آمیز کال لینڈلائن پر میں نے سنی، یہ اُن دنوں کی بات ہے جب میں گلیکسی میں 3 برس رہی۔
سپر سٹار کی سابقہ دوست نے کہا کہ فون پر دوسری طرف سے ایک شخص نے مجھے اغوا کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’سلمان خان کو بول دینا، ہم سومی علی کو اٹھا کر لے جائیں گے‘۔
سومی علی نے مزید کہا کہ میں نے سلمان خان کو فون کال سے متعلق بتایا تو وہ پہلے تو گھبرا گئے لیکن پھر حالات کو سنبھال لیا، اس کے بعد انہوں نے کبھی نہیں بتایا کہ معاملات کو کیسے ڈیل کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے سلمان خان سے اس بارے میں دو یا تین بار پوچھا تو مجھے جواب ملا کہ بہتر ہے آپ اس معاملے کے بارے نہ ہی جانیں۔
سپر سٹار کی سابقہ دوست کا کہنا تھا کہ سلمان خان مجھے اس طرح کے معاملات سے دور ہی رکھتے تھے۔