افغانستان کیساتھ بارڈر کےعلاقوں میں آپریشن کیے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ بارڈر کےعلاقوں میں آپریشن کیے ہیں۔
نجی ٹی وی" دنیا نیوز" کے مطابق افغانستان میں ایئر سٹرائیکس کے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے لوگوں کی سیکیورٹی کیلئے پرعزم ہے، بارڈر کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز آپریشن کیے گئے ہیں اور بارڈر ایریا میں یہ آپریشنز انٹیلی جنس اطلاعات اور ثبوتوں کی بنیادوں پر کیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کا مقصد پاکستانی شہریوں کو ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گردوں سے بچانا ہے۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ گزشتہ دنوں سے ہی رابطے میں ہے اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان اس وقت کابل میں موجود ہے، صادق خان نے افغان وزیر داخلہ ، وزیر خارجہ، نائب وزیر اعظم اور دیگر لوگوں سے ملاقات کی ہے اور ملاقاتوں میں سیکیورٹی صورتحال ، بارڈر مینجمنٹ اور تجارت پر بات چیت کی گئی۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی خودمختاری اور سالمیت کی عزت کرتا ہے، ہم نے ہمیشہ بات چیت اور سفارتکاری پر توجہ دی ہے۔ سرحد پار دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور سرحد پار دہشت گردی کے باوجود ہم افغانستان سے رابطے میں ہیں، پاکستان اور افغانستان سیکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ، تجارت اور دیگر معاملات پر بات چیت کیلئے رابطہ میں رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی تعاون اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں، اپنے شراکت داروں کے ساتھ اہم علاقائی وعالمی امور پر تعاون کیلئے پر عزم ہیں، یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کا خاتمہ اہم پیشرفت ہے۔