جماعت اسلامی نے نوجوانوں کے لیے بڑا اعلان کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ 2 سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرائیں گے۔
طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود حکومت نوجوانوں کو تعلیم کے لیے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی، متوسط اور غریب گھرانوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 25کروڑ عوام کو حکمرانوں نے اپنے ظلم و جبر سے یرغمال بنایا اور ملک کی دولت پر قبضہ کیا ہوا ہے، ملک اور قومی وسائل پر قابض حکمرانوں سے نجات اور قبضہ مافیا سے جان چھڑانے کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران بنو قابل پروجیکٹ کے ذریعے 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروا چکے ہیں، جو طلبہ ڈگری کورس کرنا چاہتے ہیں ان کو مفت ڈگری کورس بھی کروائیں گے اور ان کے روزگار کے لیے بھی سہولت اور معاونت کریں گے۔