سیاسی عدم استحکام ہمیں لے بیٹھا ،اداروں کو ایک ایک کر کے ٹھیک کر رہے ہیں ،2018لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا : وزیر اعظم نواز شریف
فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت نے پھر سے ترقی کا سفر شروع کر دیا ہے اور ہم اداروں کو ایک ایک کر کے ٹھیک کر رہے ہیں تاہم سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں کا عدم استحکام ہمیں لے بیٹھا ہے مگر اب ہم دوبارہ بہتری کی جانب جا رہے ہیں ۔پاکستان میں آنے والی سرمایہ کاری کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے ۔
فیصل آباد میں چالیس میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک طرف بجلی کے بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں اور دوسری جانب دہشت گردی سے لڑ رہے ہیں جبکہ ملکی اکانومی کو بھی بہتر کرنے میں کوشاں ہیں ،ماضی کی حکومتوں نے ملک کو اندھیروں کی طرف دھکیلا تاہم یہ خوشی کی بات ہے کہ ملک کا کوئلہ اب بجلی کی پیداوار میں استعمال ہو رہا ہے ، پاور پلانٹ کا افتتاح کر کے بہت خوشی ہو رہی ہے اور پاکستان ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے ،پورا یقین ہے کہ 2018لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا۔ ملک میں تین سال کے دوران بہت تبدیلی آئی ۔تقریب میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر سمیت دیگر وزراء بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کچھ سال پہلے کس قدر خراب تھے مگر اب کراچی روز بروز بہتر ہو رہا ہے اور وہ وقت آنے والا ہے جب کراچی اپنی کھوئی ہوئی روشنیاں اور مقام حاصل کریگا ۔ دہشت گردی کوئی معمولی مسئلہ نہیں تھا ،اب بھی دشمن چھوٹے موٹے حملے کرتا رہتا ہے اور سافٹ ٹارگٹ دیکھتا ہے مگریہ سلسلہ بھی جلدی ختم ہو جائے گا ۔
”ہم عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی ، تعلیم او ر صحت کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں جس کیلئے بڑا پروگرام لانچ کر رہے ہیں ۔مردان میں دہشت گردوں نے ہمارا امن خراب کرنے کی کوشش کی اور بے گناہ لوگوں کو شہید کیاتاہم شہداءکے بلند درجات کیلئے اللہ سے دعا گو ہیں ۔دہشت گردی اور معیشت کی بحالی کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہاکہ دو سال پہلے نہ صنعتوں کو بجلی مل رہی تھی اور نہ ہی گھریلو صارفین کو ، آئے روز ملک میں بجلی کیلئے مظاہرے ہوتے تھے اور لوگ بجلی کو ترستے تھے ، ماضی کی حکومتوں نے اپنے ادوار میں قوم کو کیا دیا ؟مگر آج صنعتوں اور گھریلو صارفین کو بغیر رکاوٹ بجلی اور گیس مل رہی ہے ، کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اس قدر فرق پڑے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے سال بجلی کی صورت حال مزید بہتر ہو جائے گی تاہم ہمارا مقصد صرف بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنا اور بجلی پیدا کرنا ہی نہیں بلکہ بجلی کو سستا کرنا بھی ہے تاہم ماضی کی تمام حکومتوں کو جواب دینا چاہئیے کہ انہوں نے اپنے ادوار میں بجلی پر کیوں دھیان نہیں دیا ، سات سال ڈکٹیٹر نے ملک کو بے دردی سے اندھیروں کی طر ف دھکیلا جس کاجواب دینا پڑے گا۔وزیر اعظم نے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ کھانے میں دلچسپی لیتے ہیں اسی طرح ملکی تجارت اور معیشت کو بہتر بنانے میں بھی دلچسپی لیں اور اس طرف بھی توجہ دیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بظاہر یہ مذاق میں کہہ رہا ہوں مگر اس میں سنجیدگی کا پہلو بھی موجود ہے ۔
امریکی ریاست کنساس میں فائرنگ ، طالبہ ہلاک ، دوسری زخمی
وزیر اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ایئر لائن کی صف میں لا کر کھڑا کریں گے جبکہ پاکستان ریلویز بھی اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو رہی ہے ، پی آئی اے کی پریمیر سروس شروع کر دی گئی ہے تاہم مسافروں کو بھی اس سروس کا خیال رکھنا چاہئیے اورگندگی پھیلانے کی بجائے سروس کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت اور پی آئی اے کی مدد کریں ، پی آئی اے کیلئے نئے جہاز آئیں گے جو فیصل آباد سے بھی چلیں گے اوردنیا بھر میں جائیں گے ۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ دنیا بھی پاکستان کو ابھرتی ہوئی اکانومی تسلیم کر رہی ہے اور پاکستان ایک امرجنگ اکانومی کا درجہ احتیار کر گیا ہے مگر پاکستان نے اس سے کہیں اگے جانا ہے ، ملکی زر مبادلہ بڑھانے سے پاکستان میں غربت اور بے روز گاری کا خاتمہ ہو گا ۔1960میں ہم ساﺅتھ کوریا سے بھی آگے تھے مگر آج دیکھیں کہ ہم کہاں کھڑے ہیں ؟ 1999میں ہم ساﺅتھ ایشیا میں سب سے آگے تھے مگر جب ہم 2013میں واپس آئے تو سب سے پیچھے تھے ۔ جب ہم آئے تو کوئی بجلی کا کارخانہ نہیں بن رہا تھا مگر آج ملک کے ہر حصے میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں ، لاہور سے ملتان اور ملتان سے سکھر موٹر وے کی تعمیر شروع ہو چکی ہے جبکہ کراچی سے حیدر آباد کیلئے بھی موٹر وے کی تعمیر جاری ہے اور فخر سے کہہ سکیں گے کہ کراچ سے پشاور تک پاکستان کے پاس موٹر وےز ہیں ۔نامکمل موٹر وے کو ہم مکمل کریں گے ۔