امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 8 ستمبر کو کتوں کی سرفنگ کا مقابلہ، تیاریاں شروع
کیلیفورنیا(ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کتوں کی سرفنگ کے سالانہ مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رواں ماہ کی 8 تاریخ کو کیلیفورنیا میں ایک دلچسپ مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس کا نام Surf Dog Surf-A-Thon ہے جس میں کتے سمندر کی موجوں پر سرفنگ کا لطف اٹھائیں گے اور ساتھ ہی اپنے مد مقابلوں کو ہرا کر جیت کا سہرا اپنے سر سجائیں گے۔
مقابلے کیلئے پالتو جانوروں نے اپنے مالک کے ساتھ سرفنگ کی تیاریاں شروع کردی ہیں جس کیلئے وہ سافٹ سرفنگ، خصوصی فلوٹیشن ڈیوائسز اور سمندر میں حفاظت کی گائیڈلائنز کا خیال رکھ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقابلہ کیلیفورنیا کے علاقے ڈیل مار کے ڈاگ بیچ پر منعقد کیا جائے گا، یہ ایک نایاب ساحل ہے جہاں کتوں کو جانے کی اجازت ہے۔
یہ مقابلہ ہیلن ووڈ ورڈ اینیمل سینٹر کی جانب سے کروایا جارہا ہے جو ایک جانوروں کی تنظیم ہے، تنظیم کی جانب سے اس مقابلے کا انعقاد 18 سال سے کیا جارہا ہے جس کا مقصد پالتو اور دیگر جانوروں کیلئے فنڈز جمع کرنا ہے۔