پاکستان کو کسی دوسرے ملک کی جنگ میں کودنا نہیں چاہیے ‘ مخدوم احمد محمود

پاکستان کو کسی دوسرے ملک کی جنگ میں کودنا نہیں چاہیے ‘ مخدوم احمد محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدراور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ حکومت یمن کے مسئلے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرے، حکومت کو کسی دوسرے ملک کی جنگ میں کودنے کی بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے ،سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تمام اسلامی ممالک کو ایک میز پر اکٹھا کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں جنوبی پنجاب کے عہدیداروں اور کارکنوں سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 36ویں برسی میں شرکت کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنوبی پنجاب کے اہم عہدیداران سمیت ڈاکٹر جاوید صدیقی،میاں عبدالستار ،شوکت بسرا ،جاوید وڑائچ اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ حکومت یمن مسئلے پر ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے تمام ممالک کو ایک میز پر لائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی دہشت گردی کا شکار ہے اور اب اسے ایک نئی جنگ میں پھنسنے کی بجائے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانا چاہیے۔علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 36ویں برسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے تمام عہدیداران اپنے کارکنوں کے ہمراہ برسی میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اِس برس جنوبی پنجاب سے برسی پر زیادہ قافلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بارہ اضلاع سے ممبران صوبائی اسمبلی اورتمام ٹکٹ ہولڈرز اور تینوں ڈویڑن کے کوارڈینیٹرز اپنے قافلوں کے ساتھ برسی میں ہر صورت شرکت کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر ثابت کریں گے کہ جنوبی پنجاب پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر عہد کریں گے کہ اس ملک کو پیپلز پارٹی ایک بار اقتدار میں آکر خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیگی۔

مزید :

صفحہ آخر -