ماضی میں کرپشن کا بازار گرم رہا ، حکومت کامنشور ہی ملک کوکرپشن سے پاک اور لوٹی ہوئی رقم کاحساب کرناہے:علی امین گنڈا پور
میرپور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیرامورکشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کامنشور ہی ملک کوکرپشن سے پاک اور لوٹی ہوئی رقم کاحساب کرناہے،پاکستان میں سابقہ حکومتوں نے کرپشن کابازارگرم کررکھاتھا، کرپشن کے خاتمے کے لیے نیب کادائرہ کار آزادکشمیرتک بڑھارہے ہیں، اس سے کسی بھی جماعت کوکوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
تحریک انصاف آزادکشمیرکے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی رہائش گاہ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہٹیکسوں سے خرچ ہونے والی رقم کاچیک اینڈبیلنس اور اس کادرست استعمال حکو مت کی ذمہ داری ہے،عمران خان کی شہرت سے پوری دنیامطمئن ہے جس سے پاکستان میں وسیع سرمایہ کاری ہورہی ہے،یہی تحریک انصاف کی حکومت اور تبدیلی کانام ہے۔انہوں نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام برج دسمبرتک مکمل کریں گے،آزادکشمیرکے دیگرمیگاپراجیکٹس کے لیے فنڈز فراہم کریں گے اور ان کی مانیٹرنگ بھی کررہے ہیں،تحریک انصاف نے آزادکشمیرکا بجٹ بڑھایاہے کم نہیں کیا،ایل او سی کے متاثرین کے لیے بڑاپیکج دے رہے ہیں اور انھیں انصاف صحت کارڈ بھی فراہم کریں گے اور انھیں ساڑھے سات لاکھ روپے تک علاج معالجہ کی سہولیات میسرہونگی، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کوختم نہیں بلکہ اس کی توسیع کررہے ہیں ۔ علی امین گنڈاپورنے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت آزادکشمیراورگلگت بلتستان میں صاف اور شفاف تعمیروترقی کے ایجنڈے پرگامزن ہے،پاکستان کی سابقہ حکومتوں کی وجہ سے آزاد کشمیرکے ایسے منصوبہ جات جو وفاقی فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث زیرالتوا شکار ہیں، ان کے لیے بھی فنڈز فراہم جبکہ متاثرین منگلاڈیم کے مسائل حل کریں گے۔