جوڈیشل کمیشن کی 2ریٹائرڈ ججوں کو سپریم کورٹ کا ایڈ ہاک جج مقرر کرنیکی سفارش ،وکلاء نمائندے کا مخالف

جوڈیشل کمیشن کی 2ریٹائرڈ ججوں کو سپریم کورٹ کا ایڈ ہاک جج مقرر کرنیکی سفارش ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اکثریت رائے سے دو ریٹائرڈ ججوں جسٹس (ر) خلجی عارف حسین اور جسٹس (ر) طارق پرویز کو سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج مقرر کرنے کی سفارش کردی گئی ۔وکلاء کے نمائندے یاسین آزاد نے ان تقرریوں کی مخالفت کی ۔جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے سابق صدر محسن کیانی اوروالئی سوات کے پوتے حسن گل اورنگزیب کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز مقرر کرنے کی سفارش بھی کی ہے جبکہ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج مسٹر جسٹس عامر فاروق کو مستقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی ۔جسٹس (ر) خلجی عارف حسین اور جسٹس (ر) طارق پرویز کو ایک سال کے لئے سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج مقررکرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے پہلے مرحلے میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج مسٹرجسٹس میاں ثاقب نثار، مسٹرجسٹس آصف سعید خان کھوسہ، مسٹرجسٹس امیر ہانی مسلم، مسٹرجسٹس اعجاز افضل خان، وفاقی وزیر قانون پرویز رشید، اٹارنی جنرل پاکستان سلمان بٹ اور ممبر پاکستان بار کونسل یٰسین آزاد نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتیوں کے لئے جسٹس (ر)طارق پرویز اور جسٹس (ر)خلجی عارف حسین کے نام پیش کئے تو وکلاء کے نمائندے یاسین آزاد نے پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے اختلافی نوٹ جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ایڈہاک ججوں کی تعیناتیاں آئین کی روح ، الجہاد ٹرسٹ کیس میں عدالتی فیصلے اور پاکستان بار کونسل و سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی قرار دادوں کے منافی ہیں ۔ایڈہاک ججوں کے تقرر سے عدلیہ کا تشخص متاثر ہوگا ۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان انور ظہیر جمالی نے آئین کے آرٹیکل 182کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے ججوں کی تعداد میں عارضی اضافہ کرنا ضروری ہو تو ایڈہاک ججوں کا تقرر کیا جاسکتا ہے ،دونوں ایڈہاک ججوں کے تقرر کے معاملہ پر تمام آئینی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے ۔وکلاء نمائندے کے سوا کمیشن کے تمام ارکان نے ایڈہاک ججوں کی نامزدگیوں کی منظور ی دے دی ۔جس کے بعد اجلاس کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو نئے ایڈیشنل ججوں کے تقرر اور ایک ایڈیشنل جج کی کنفرمیشن کا معاملہ زیر غور آیا ۔جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے دوسرے مرحلہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس انور خان کاسی اوراسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج نورالحق قریشی بھی شریک ہوئے ۔اجلاس کے دوسرے مرحلہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج مسٹرجسٹس عامر فاروق کو مستقل کرنے کے علاوہ محسن کیانی اور حسن گل اورنگزیب کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں بطور ایڈیشنل جج تعینات کرنے کی منظور ی دی گئی ۔جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں منظور کی گئی یہ سفارشات پارلیمانی کمیٹی کو بھجوادی گئی ہیں ۔حسن گل اورنگزیب والئی سوات میاں اورنگزیب کے پوتے اور سابق گورنر بلوچستان میاں گل اورنگزیب کے صاحبزادے ہیں جبکہ محسن کیانی اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رہ چکے ہیں ۔

مزید :

صفحہ اول -