وزیر اعلیٰ پنجاب کاناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نا جائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز کسی نرمی کے مستحق نہیں،ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کی جگہ جیل ہے،اِن سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب نےصوبائی پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کوہدایت کی ہےکہ ناجائزمنافع کےنام پرعوام کو لوٹنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے،مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے صارف کی جیب پرڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی خود نگرانی کریں،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیاں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات کریں اور اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت یقینی بنائی جائے، پرائس کنٹرول میکانزم پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔