این اے 260، پاکستان کا سب سے بڑا انتخابی حلقہ ، چاغی، نوشکی، خاران اور واشک اضلاع پر مشتمل ہے
نوشکی (ڈیلی پاکستان آن لائن )عام انتخابات کیلئے رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا حلقہ این اے 260 ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔جیونیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 260 بلوچستان کے شمال مغرب میں واقع ہے جو کہ مختلف اضلاع پر مشتمل ہے جن میں چاغی، نوشکی، خاران اور واشک شامل ہیں، اس حلقے کے شمال میں افغانستان اور مغرب میں ایران کی سرحد لگتی ہے۔
اس حلقے سے پاکستان کی بیشتر بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدوار الیکشن میں اپنی قسمت آزمائیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالقادر بلوچ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد عثمان بادینی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سردار فتح محمد حسنی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے محمد ہاشم نوتیزئی اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار غلام قادر مدمقابل ہوں گے۔
این اے 260 کی کل آبادی تقریباً 10 لاکھ 40 ہزار نفوس پر مشتمل ہے جن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 65 ہزار 595 ہے، حلقے میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز 2 لاکھ 2 ہزار 289 اور خواتین ووٹرز ایک لاکھ 63 ہزار 306 ہیں،2018 کے انتخابات میں یہ حلقہ این اے 268 کہلایا کرتا تھا جس سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے محمد ہاشم نوتیزئی 32 ہزار 139 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے جبکہ 27 ہزار 903 ووٹ لے کرآزاد امیدوار سردار فتح محمد دوسرے نمبر پر رہے تھے جو کہ اب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔