حکمرانوں کی بدنیتی اور لوٹ مار کی سوچ نے ملک کو سنگین مسائل سے دو چار کر دیا:شہباز شریف

حکمرانوں کی بدنیتی اور لوٹ مار کی سوچ نے ملک کو سنگین مسائل سے دو چار کر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ توانائی کے شدید بحران نے صنعت وتجارت، زراعت، تعلیم،صحت اور دیگر شعبوں کو بری طرح متاثر کیاہے۔ وفاق کے حکمرانوں کولوٹ مار، کرپشن اور شاہانہ اخراجات ترک کرکے وسائل بجلی پیداکرنے کے منصوبوں پر صرف کرنا ہوں گے تاکہ دم توڑتی ہوئی صنعتوں کو پھر سے زندگی دی جاسکے۔ انہوںنے کہاکہ توانائی کے بحران کا سب سے زیادہ نشانہ پنجاب کے عوام کو بنایاجارہاہے۔ بجلی نہ ہونے سے پنجاب میں صنعتی وتجارتی سرگرمیاں کم ہونے سے بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ تاجر برادری کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹی انڈسٹریل اسٹیٹس کے مسائل، نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام ، فیکٹریوں کی انسپکشن، توانائی کے بحران کے حل، چیمبرز کے دفاتر کے لئے اراضی کی فراہمی، مصالحتی کمیٹیوں کے قیام اور تاجر برادری کے دیگر مسائل کے حل کے لئے ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ یہ کمیٹی صنعتکاروں وتاجروں کے نمائندوں اور سرکاری افسران پر مشتمل ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں مینار پاکستان کے ٹینٹ آفس میں پنجاب کے مختلف ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدور اور عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔ ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک، وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی ملاقات میں موجود تھے۔تاجروں نے وزیراعلیٰ کوصنعتوں کی انسپکشن، توانائی کے بحران، لیبر، امن و امان، سیکورٹی، مہنگی بجلی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے صنعتکاروں اور تاجروں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکمرانوں کی بدنیتی اور لوٹ مار کی سوچ نے ملک کو سنگین مسائل سے دوچار کردیاہے اور پاکستان آج تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہاہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے ہر شخص کو پریشان کررکھاہے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب نے صوبائی ہم آہنگی کے فروغ، قومی یکجہتی کے عمل کو مستحکم کرنے اور قومی مالیاتی ایوارڈ کی منظوری کے لئے اپنے حصے کا گیارہ ارب روپے چھوڑا اس کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے پنجاب کے صنعتکار، مزدور، کسان اور عام آدمی سے سراسر زیادتی کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم پنجاب کے خلاف لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کی جانے والی ناانصافی کے خلاف احتجاج کے طور پر مینار پاکستان کے سائے تلے سراپا احتجاج ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جب تک پورے ملک میںیکساں لوڈشیڈنگ کے فیصلے پرعملدرآمد نہیں ہوتا، پنجاب کے عوام کے حقوق کے لئے صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان غریب ملک ہے، وسائل کے ضیاع کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ملک کو سنوارنے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنے رویوں میں تبدیلی لاتے ہوئے امانت، دیانت اور جہدمسلسل کو اپنا شعار بناناہوگا۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے صوبے میں سادگی او رکفایت شعاری کی پالیسی اپنائی ہے۔ غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کرکے حاصل ہونے والے اضافی وسائل بھی عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر صرف کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ برے معاشی حالات سے جرائم اور امن و امان کی صورتحال پیدا ہوتی ہے تاہم پنجاب حکومت امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اورکاروباری طبقے کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت توانائی کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کررہی ہے۔ لاہور اور فیصل آباد کی انڈسٹریل اسٹیٹس میں کوئلے سے بجلی پیداکرنے کے پچاس پچاس میگاواٹ کے منصوبے لگائے جارہے ہیں۔ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدور اورتاجروں کے نمائندوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف نے بجلی کے ستائے ہوئے لوگوں کے دکھ بانٹ کر خادم پنجاب ہونے کا حق ادا کردیاہے۔ وہ صحیح معنوں میں پنجاب اور اس کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں جس پر صنعتکار و تاجر برادری انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل پر ہمیشہ توجہ دی ہے اس لئے صنعتکار و تاجر انہیں قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وفد نے توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی دیں۔

مزید :

صفحہ اول -