شہباز گل بھائی بازیابی کیس؛آپ کے چہروں سے پتا چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں،لاہور ہائیکورٹ کے ڈی آئی جی آپریشنز کے بیان پر ریمارکس

شہباز گل بھائی بازیابی کیس؛آپ کے چہروں سے پتا چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں،لاہور ...
شہباز گل بھائی بازیابی کیس؛آپ کے چہروں سے پتا چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں،لاہور ہائیکورٹ کے ڈی آئی جی آپریشنز کے بیان پر ریمارکس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کیلئے درخواست پر جسٹس امجد رفیق نے ڈی آئی جی آپریشنز کے بیان پر ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ کہ آپ کے چہروں سے پتا چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں، ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ مغوی خیر و عافیت سے گھر واپس آئے۔عدالت نے پولیس کو ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی۔

نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق  جسٹس امجد رفیق نے ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کیلئے محمد یاسین کی درخواست پر سماعت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔سرکاری وکیل نے کہا کہ پیر والے دن عدالتی حکم پر جیو فینسنگ کا ڈیٹا حاصل کیا گیا، جیو فینسنگ کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ ایجنسیوں کے نمبر سامنے آتے ہی نہیں یا آ جاتے ہیں؟ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اگر کال واٹس ایپ پر کی جائے تو نمبر آ جاتا ہے، ریگولر نمبر پر کی جائے تو نہیں آتے۔ 
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے چہروں سے پتا چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں، ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ مغوی خیر و عافیت سے گھر واپس آئے۔

درخواست گزار کے مطابق شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کو اسلام آباد جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ استدعا کی گئی کہ شہباز گل کے بھائی کی جان کو خطرہ ہے، عدالت بازیاب کروانے کا حکم دے۔